سرفراز احمد کو پاکستان کرکٹ ٹیم کا کپتان برقرار رکھے جانے پر کرکٹرزو شائقین کی مبارکبادیں , شعیب اختر بھی مبارکباددینے والوں میں شامل

103

لاہور ۔ 6 فروری (اے پی پی) وکٹ کیپر بلے باز سرفراز احمد کو پاکستان کرکٹ ٹیم کا ورلڈ کپ تک کپتان برقرار رکھے جانے کے بعد انہیں سابق و موجودہ کرکٹرز اور شائقین کی طرف سے سوشل میڈیا پر مبارکبادیں موصول ہورہی ہیں ۔سابق ٹیسٹ کرکٹر صادق محمد نے مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ پی سی بی نے سرفراز احمد کو کپتان مقرر کرکے ٹیم میں غیر یقینی کی کیفیت ختم کردی ہے اور سرفراز احمد کو اسوقت تک ٹیم کا کپتان برقرار رکھا جانا چاہئے جب تک ٹیم کو نیا باصلاحیت کپتان نہیں مل جاتا ۔سرفراز احمد کی چار میچز پر پابندی کے باعث ان کی جگہ عارضی طور پر کپتانی کرنے والے آل راﺅنڈر شعیب ملک نے بھی سرفراز احمد کو مبارکبا د دیتے ہوئے اس امید کا اظہار کیا ہے کہ ان کی قیادت میں ٹیم انگلینڈ میں ہونے والا ورلڈ کپ جیتنے میں کامیاب ہوگی اور سرفراز احمد نے بھی شعیب ملک کا شکریہ ادا کےا۔ قومی ٹیم کے سابق کپتان محمد حفیظ بھی سرفراز احمد کو مبارکباد د ی۔ سرفراز احمد کو نسل پرستانہ فقرہ کہنے پر شدید تنقید کا نشانہ بنانے والے سابق فاسٹ بولر شعیب اختر نے بھی تنقید کی عینک اتارتے ہوئے سرفراز احمد کو کپتان برقرار رہنے پر مبارکباد دی اور اس توقع کا اظہار کیا کہ ٹیم فتوحات کی راہ مےں گامزن ہو۔بلے باز اظہر علی نے بھی سرفراز احمد کو مبارکباد کا پیغام دیتے ہوئے کہا ہے کہ ان کی قیادت میں ٹیم چیمپئنز ٹرافی کی طرح ورلڈ کپ بھی پاکستان لائے گی ۔تحریک انصاف کے راہنما و شیخوپورہ سٹیڈیم ٹرسٹ کے ممبر رانا علی سلمان نے بھی سرفراز احمد کو کپتانی کی مبارکباد دی ہے ۔ملک بھر سے شائقین کرکٹ نے بھی سرفراز احمد کو سوشل میڈیا پر مبارکباد دی ہے ۔