سرمائی کھیلوں اورسیاحت کے حوالے سے ’’دوسری ہائبرڈ کانفرنس اور ایکسپو‘‘ 28 جنوری کواسلام آباد میں ہوگی

176
سرمائی کھیلوں اورسیاحت کے حوالے سے ’’دوسری ہائبرڈ کانفرنس اور ایکسپو‘‘ 28 جنوری کواسلام آباد میں ہوگی

اسلام آباد۔23جنوری (اے پی پی):سرمائی کھیلوں اورسیاحت کے حوالے سے ’’دوسری ہائبرڈ کانفرنس اور ایکسپو ‘‘ 28 جنوری کواسلام آباد میں ہوگی۔کانفرنس اور ایکسپو کا مقصد موسم سرما کے کھیلوں اور سیاحت کے بارے میں آگاہی پیدا کرنا اور اہم شراکت داروں کو اپنے علم، تجربات اور مصنوعات کے تبادلے کے حوالےسے پلیٹ فارم مہیا کرنا ہے۔کانفرنس میں پاکستان میں سرمائی کھیلوں کی سیاحت کے فروغ اور بہتری کے چیلنجز اور مواقع پر بھی تبادلہ خیال کیا جائے گا۔

کانفرنس میں وفاقی و صوبائی حکومتوں کے علاوہ ضلعی سطح پر خود مختار اداروں، تعلیمی اداروں کے نمائندوں اور دیگر اہم شراکت داروں کی جانب سے سرمائی کھیلوں کی سیاحت کے فروغ کے لیے پالیسیاں اور اقدامات کا جائزہ بھی لیا جائے گا۔سپورٹس ڈویلپمنٹ اینڈ ریسرچ سینٹر( آئی پی ایس ڈی)کے زیر اہتمام ہونے والی اس کانفرنس اور ایکسپو میں متعلقہ سپورٹس فیڈریشنز اور نامور ایتھلیٹس کے نمائندے مائونٹین سپورٹس سے متعلق فیڈریشنز کے کردار کے حوالے سے آگاہی بھی فراہم کریں گے ۔

کانفرنس میں پاکستان میں سرمائی کھیلوں اور سیاحت کے مستقبل کے مختلف پہلوؤں یعنی دائرہ کار، مقبول سرمائی کھیلوں/مقامات، مواقع اور سہولیات پر مبنی اپنی پریزینٹیشنز جو کہ 5 سے 7 منٹ تک کی ہو، کےلئے کال کرسکتے ہیں جبکہ شرکاء گوگل فارم کے لنک کے ذریعے اندراج بھی کر سکتے ہیں۔

کانفرنس میں تصویر ی مقابلے ، ویڈیو کلپس ، وی لاگز اورپوسٹرز سمیت مختلف مقابلوں کا انعقاد کیا جائے گا۔ کانفرنس کے کنوینر ابوظفر صادق نے بتایا کہ یہ کانفرنس کھیلوں اورسیاحت سے متعلق اپنی مصنوعات کی نمائش اورسہولیات و تقریبات وغیرہ کو فروغ دینے کا اچھا موقع ہے۔ انہوں نے بتایا کہ ایونٹ میں شرکت کےلئے رجسٹریشن کی آخری تاریخ 25 جنوری 2023 ہے اور خواہشمند افراد www.ipsd.pk یا فون نمبر+92336-8885333 پر رابطہ کرسکتے ہیں