سرمایہ کاروں کے اعتماد کی بحالی اور ملکی معیشت کی بہتری کیلئے ٹھوس کردارادا کرنے پر سپہ سالار کو سلام پیش کرتی ہوں،ڈاکٹرفردوس عاشق اعوان

79
،ڈاکٹرفردوس عاشق اعوان

سیالکوٹ۔10ستمبر (اے پی پی):استحکام پاکستان پارٹی (آئی پی پی)کی مرکزی سیکرٹری اطلاعات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ ڈالر کی اونچی اڑان کو روکنے کیلئے ٹھوس کردار ادا کرنے پرسپہ سالار کو سلام پیش کرتی ہوں، آرمی چیف بزنس مینوں سے ملکر ان کا اعتماد بحال کر رہے ہیں تاکہ وہ سرمایہ کاری بڑھائیں اور ملکی معیشت مستحکم ہو، ان خیالات کا اظہار انہوں نے فلاحی منصوبے شریفاں بی بی میموریل جویریہ ڈینٹل کلینک کوبے چک کیمپس کے باضابطہ افتتاح کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کیا۔

انہوں نے کہا کہ کچھ اینکر، فلاسفر میڈیا چینلز پر آکر تنقید کر رہے ہیں کہ سپہ سالار کا کیا کام ہے کہ وہ بزنس مینوں سے بات چیت کرتا پھرے انہیں یہ معلوم ہونا چاہیئے کہ ملکی امن و سلامتی کے ضامن بھی یہی سپہ سالار اور ہماری پاک فوج ہی ہے ، میں ان فلاسفروں سے پوچھتی ہوں کہ کراچی جہاں بھتہ خوری عام تھی، قتل و غارت عام تھی ، بوری بند لاشیں ملنا معمول بن چکا تھا تو اس وقت کراچی کے امن کے لیے بھی ہماری اسی پاک فوج نے اپنا کردار ادا کیا تھا،

کسی سیاسی جماعت نے تو کراچی کے امن کے لیے کچھ نہیں کیا، آج کاروباری برادری کے اعتماد کی بحالی بہت ضروری ہو چکی ہے اور ان حالات میں سپہ سالار کی جانب سے تاجر برادری کو ہر قسم کے تعاون کی یقین دہانی ملک و قوم کے لیے بہت مفید ہےکیونکہ کاروباری افراد کے اعتماد کی بحالی ہی سے ملکی معیشت ترقی کرے گی اور ملک آگے بڑھے گا، ہمارا سپہ سالار اس وقت ایک مسیحا کے طور پر اپنی قوم کے ساتھ کھڑا ہےاور جو کام سیاستدانوں نے نہیں کیا وہ ہمارا سپہ سالار کر رہا ہے

جس میں ہم سب کو ان کے ساتھ کھڑا ہونا چاہیئے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کی فلاحی سیاست کی بنیاد اس ڈیرے سے رکھی گئی، میرے مرحوم والد نے ہمیشہ عوامی فلاحی سیاست کو ترجیح دی اور یہی وجہ ہے کہ میں بھی انہی کے نقش قدم پر چلتے ہوئے اسی عوامی و فلاحی سیاست کو لیکر آگے بڑھ رہی ہوں، آج یہاں موضع کوبے چک میں ایک اور فلاحی منصوبے شریفاں بی بی میموریل جویریہ ڈینٹل کلینک کا افتتاح کیا جا رہا ہے جہاں پر غریب و مستحق افراد کو دانتوں کے علاج معالجے کی جدید بہتر اور بروقت طبی سہولیات دستیاب ہونگی۔

انہوں نے کہا کہ شریفاں بی بی میموریل ہسپتال میں آنکھوں کا ہسپتال پہلے ہی عوامی خدمت میں مصروف عمل ہے جبکہ اس ڈینٹل کلینک کے آغاز سے دورافتادہ علاقے کے عوام کو دانتوں کے علاج معالجہ کی بہترین سہولیات میسر ہونگی۔ انہوں نے کہا کہ ہمارا یہ فلاحی ادارہ عوامی خدمت کے لیے ہے جو کسی سیٹ یا جماعت کا مرہون منت نہیں ، ہم عوامی خدمت کی سیاست پر یقین رکھتے ہیں جسے جاری رکھیں گے۔ انہوں نے کہا کہ استحکام پاکستان پارٹی (آئی پی پی)کا بھی یہی منشور ہے اور اسی وجہ سے ہم ان کے ساتھ کھڑے ہوئے ہیں،

استحکام پاکستان پارٹی (آئی پی پی)اپنے سیلاب زدگان بہن بھائیوں کی مدد کے لیے سرگرم عمل ہے اور عوامی مسائل کا تدارک ہی ہمارا مشن ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ اگلے ہفتے سے ہم اپنی عوامی رابطہ مہم کا بھی باقاعدہ آغاز کر نے جا رہے ہیں جس میں مختلف ورکرز کنونشن کیے جائیں گے، عوام کو چاہیئے کہ وہ حکومتیں جنہوں نے تین تین باریاں لگائیں لیکن عوام کو کچھ نہ دیا بلکہ غریب عوام سے دو وقت کی روٹی تک بھی چھین لی ان کا مکمل بائیکاٹ کریں اور ان کے مگر مچھ کے آنسووں پہ نہ جائیں بلکہ ان سے ماضی کے ادوار کا حساب مانگیں

کیونکہ یہی وہ لوگ ہیں جنہوں نے آج عوام کو مہنگائی کی چکی میں پسنے کے لیے بے یارومددگار چھوڑ دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ استحکام پاکستان پارٹی انتخابات کے لیے بھی تیار ہے لیکن چونکہ ووٹر لسٹیں پرانی ہیں جس پر انتخابات نہیں ہو سکتے، نئی حلقہ بندیا ہونی چاہیئں اور وہ بھی ووٹر لسٹوں کے مطابق ہونی چاہیئں تاکہ صاف و شفاف انتخابات کا انعقاد ممکن ہو سکے۔

انہوں نے کہا کہ استحکام پاکستان پارٹی ملک کو مستحکم بنانے کے لیے معرض وجود میں آئی ہے، ہمیں اپنے اختلافات و مفادات پس پشت ڈالتے ہوئے ملک و قوم کے وسیع تر مفاد میں آگے بڑھنا ہے اور ملک کو ترقی و خوشحالی کی راہ پر گامزن کرنا ہے۔ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان کا کہنا تھا کہ نگران وزیراعظم انوارالحق کاکڑ میرے بھائی ہیں ا ن سے غریب عوام کے لیے ریلیف پیکج کی قوی امید ہے۔