پشاور۔ 15 جولائی (اے پی پی):وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا کے معاون خصوصی برائے صنعت وحرفت اور فنی تعلیم عبدالکریم تورڈھیر نے کہا ہے کہ سرمایہ کاروں کے لئے سازگار ماحول کی فراہمی کےلئے کوششیں کی جارہی ہیں تاکہ سرمایہ کار بلا روکاوٹ اپنا کاروبار اور سرمایہ کاری کرسکیں۔ انہوں نے یہ بات خیبر پختونخوا بورڈ آف انویسٹمنٹ اینڈ ٹریڈ آفس پشاور میں ’’واہ نوبل گروپ‘‘ کے نمائندوں سے ملاقات کے دوران کہی ۔ اس موقع پر بورڈ آف انویٹمنٹ اور دیگر متعلقہ اداروں کے حکام بھی موجود تھے۔ملاقات کے دوران گروپ کی جانب سے بریگیڈیئر(ریٹائرڈ) شیراز اللہ چوہدری نے انفراسٹرکچر ڈویلپمنٹ، ہائیڈرو پاور پراجیکٹس اور معدنی شعبے میں تعاون بڑھانے کی پیشکش کی۔
انھوں نے اس حوالے سے متعلقہ اداروں کو ڈرلنگ سروسز، مائننگ اور دیگر امور میں اپنی خدمات کی فراہمی کے امکانات سے معاون خصوصی کو آگاہ کیا۔ ملاقات میں معاون خصوصی نے واہ نوبل گروپ کو اپنی جانب سے باہمی شراکت داری اور مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی۔ معاون خصوصی نے کہا کہ خیبر پختونخوا میں کئی شعبے سرمایہ کاری کے لئے انتہائی پر کشش ہیں اور ہم یہاں پر سرمایہ کاری کے لئے خواہشمند سرمایہ کاروں کو خوش آمدید کہتے ہیں۔ انھوں نے کہا کہ بورڈ آف انویسٹمنٹ کی جانب سے واہ نوبل گروپ کو ہر ممکن تعاون فراہم کیا جائے گا۔