سرمایہ کاری بورڈ کی اخباری مضمون کی تردید

107

اسلام آباد ۔ 19 اکتوبر (اے پی پی) سرمایہ کاری بورڈ نے ایران سے 3 ہزار میگاواٹ بجلی کی پیشکش قبول نہ کرنے سے متعلق اخباری مضمون کی تردید کر دی ہے۔ بدھ کو جاری ہونے والے ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ سرمایہ کاری بورڈ نے ایسی کسی پیشکش کو قبول کرنے سے انکار نہیں کیا، مضمون سیاق و سباق سے ہٹ کر شائع کیا گیا ہے۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ اس حوالہ سے وزیر مملکت و چیئرمین سرمایہ کاری بورڈ اور ایرانی سفیر کی 6 اکتوبر کو ہونے والی ملاقات کا حوالہ دیا گیا ہے، حقیقت میں ایران کے سفیر نے چین پاکستان اقتصادی راہداری کے ساتھ ایران کے شامل ہونے کے حوالہ سے ایرانی حکومت کی دلچسپی کا اظہار کیا تھا اور بجلی کی فراہمی 500 میگاواٹ سے بڑھا کر 3 ہزار میگاواٹ کرنے کیلئے بجلی کی ٹرانسمیشن لائن کی تعمیر میں بھی دلچسپی کا اظہار کیا تھا۔ چیئرمین سرمایہ کاری بورڈ نے انہیں بتایا کہ حکومت پاکستان ایران کے ساتھ تجارت اور سرمایہ کاری بڑھانے میں گہری دلچسپی رکھتی ہے اور وزیراعظم محمد نواز شریف ایران کی اقتصادی ترقی سے بہت متاثر ہیں۔