اسلام آباد ۔ 5 مارچ (اے پی پی) سرمایہ کاری بورڈ کے چیئرمین/وزیر مملکت ہارون شریف سے میٹرو کیش اینڈ کیری کے وفد نے منیجنگ ڈائریکٹر مارک منکوچ کی قیادت میں ملاقات کی اور پاکستان میں اپنے کاروبار کو توسیع دینے اور مزید سرمایہ کاری کے فیصلہ سے آگاہ کیا۔ ملاقات کے دوران پاکستان میں جرمنی کے سفیر مارٹن کوبلر بھی موجود تھے۔ سرمایہ کاری بورڈ سے جاری بیان کے مطابق میٹرو کے وفد میں پرویز اختر ڈائریکٹر کارپوریٹ افیئر اور عاصم ایثار ڈائریکٹر فنانس بھی شامل تھے۔ میٹرو حکام نے اس موقع پر کہا کہ وہ ملتان میں نیا سٹور کھولنے کے ساتھ ساتھ میٹرو آن لائن اور فرنچائز کے کاروبار کی توسیع کے لئے نئی سرمایہ کاری کررہے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ اس وقت ایم سی سی پی کے پاکستان میں 9 ہول سیلز سٹور چلا رہی ہے جن میں سے 4 لاہور، 3 کراچی اور ایک ایک سٹور اسلام آباد اور فیصل آباد میں کام کر رہا ہے۔ اس کے علاوہ میٹرو کا نان فوڈ آن لائن بزنس بھی پورے ملک میں جاری ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملتان کا سٹور پاکستان میںمیٹروکا 10 واں سٹور ہو گا جس سے صوبہ پنجاب بالخصوص کم ترقی یافتہ جنوبی پنجاب کے علاقہ کی ترقی میں مدد ملے گی۔ میٹرو کے وفد نے اس موقع پر مزید کہا کہ ان کی کمپنی مختلف ٹیکسز کی مد میں سالانہ اربوں روپے قومی خزانے میں جمع کراتی ہے اس کے علاوہ مقامی مارکیٹ کی تیار کردہ مصنوعات اور تجارت کے بنیادی ڈھانچے کے فروغ کے لئے بھی اقدامات کئے جاتے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ میٹرو کے نئے سٹور کے آغاز اور نئی سرمایہ کاری سے روزگار کے نئے مواقع پیدا کرنے کے ساتھ ساتھ کاروباری و تجارتی سرگرمیوں کے فروغ سے قومی اور بالخصوص علاقائی معیشت پر مثبت اثرات مرتب ہوں گے۔