سرمایہ کاری کے ذریعے تجارتی تعلقات کا فروغ چاہتے ہیں،وفاقی وزیر سرمایہ کاری عبدالعلیم خان کا ماسکو میں پاک روس بزنس فورم سے خطاب

99
Abdul Aleem Khan
Abdul Aleem Khan

ماسکو ۔1اکتوبر (اے پی پی):وفاقی وزیر برائے سرمایہ کاری، نجکاری و مواصلات عبدالعلیم خان نے کہا ہے کہ باہمی سرمایہ کاری کے فروغ سے پاک روس تجارتی تعلقات کا فروغ چاہتے ہیں۔سرمایہ کاری بورڈ کی جانب سے جاری اعلامیہ کے مطابق وفاقی وزیر نے ماسکو میں پاک روس بزنس فورم میں شرکت کی، فورم میں 60 پاکستانی کمپنیاں بھی شریک ہیں۔وفاقی وزیر سرمایہ کاری نے فورم کے پہلے روز کے بزنس سیشن سے خصوصی خطاب بھی کیا۔وفاقی وزیر فورم کے دوران روس کے وزیر صنعت و تجارت دمتری ردیف سے ملاقات کے علاوہ ماسکو میں روس کی بزنس کمیونٹی سے ملاقاتیں بھی کریں گے۔ اس موقع پر وفاقی وزیر عبدالعلیم خان کی ماسکو چیمبر آف کامرس اور بزنس ایسوسی ایشن کے نمائندوں سے بھی ملاقات ہو گی۔

واضح رہے کہ وہ اپنے تین روزہ دورہ روس کے دوران کاروباری شعبہ سے منسلک افراد سے زیادہ سے زیادہ ملاقاتیں کریں گے۔دورہ روس اور فورم کے حوالے سے وفاقی وزیر عبدالعلیم خان نے کہا ہے کہ روس کے دورے سے دونوں ممالک کی کاروباری اور تاجر برادری کو زیادہ سے زیادہ قریب لانا چاہتے ہیں، باہمی سرمایہ کاری اور سہولیات کے ساتھ روس اور پاکستان کے مابین کاروبار کا فروغ چاہتے ہیں۔ عبدالعلیم خان ماسکو میں روس کے وزرا اور اعلیٰ سرکاری حکام سے بھی ملاقاتیں کریں گے جس سے پاک روس تجارتی تعلقات کے فروغ میں مدد ملے گی۔