سرمایہ کاری کے فروغ، قومی ترقی کے لیے سیاسی استحکام بہت ضروری ہے ،وفاقی وزیر بحری امور

84
وفاقی وزیر بحری امور قیصر احمد شیخ کا چنیوٹ میں اپنی رہائش گاہ پر افطار ڈنر کا اہتمام

اسلام آباد۔15فروری (اے پی پی):وفاقی وزیر بحری امور قیصر احمد شیخ نے اپوزیشن پر زور دیا کہ ملک کی بہتری کے لیے مذاکرات میں شامل ہوں ،حکومت قومی ترقی کی جانب تاریخی قدم اٹھا رہی ہے، سرمایہ کاری کو راغب کرنے اور قومی ترقی کے حصول کے لیے سیاسی استحکام بہت ضروری ہے۔

ہفتہ کو پی ٹی وی نیوز چینل سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے علاقائی چیلنجز سے نمٹنے کے لیے اتحاد اور معاشی ترقی کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے سیاسی ہم آہنگی پر زور دیا۔ انہوں نے مذاکرات، سیاسی استحکام اور اقتصادی ترقی کے فروغ کے لیے حکومت کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے تمام سیاسی سٹیک ہولڈرز پر زور دیا کہ وہ قومی مفاد کو ترجیح دیں اور ملک کی خوشحالی کے لیے مل کر کام کریں۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے آگے بڑھنے کے لیے اجتماعی کوششوں کی ضرورت پر زور دیا۔

انہوں نے مزید کہا کہ انٹرنیشنل فنانس کارپوریشن (آئی ایف سی) اور انٹرنیشنل مانیٹری فنڈ (آئی ایم ایف) نے پاکستان کی معاشی پیشرفت کی تعریف کی ہے، آئی ایف سی ملک میں اپنی سالانہ سرمایہ کاری میں اضافہ کرنا چاہتا ہے اور پاکستان مسلم لیگ (ن) کی پالیسیوں سے عالمی برادری کے اعتماد میں اضافہ ہوا ہے۔

انہوں نے اس بات پر روشنی ڈالی کہ پاکستان نے ترسیلات زر محصولات میں قابل ذکر 25 فیصد اضافہ حاصل کیا ہے جبکہ غیر ملکی کرنسی کے ذخائر میں استحکام برقرار رکھتے ہوئے ملک کی اقتصادی لچک اور ترقی کا بھی مظاہرہ کیا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ قوم تمام سیاستدانوں کے مثبت رویے کا انتظار کر رہی ہے کیونکہ ملک کود ترقی کی شاہراہ پر گامزن کرنے کے لیے اتحاد اور اجتماعی کوششیں وقت کی اہم ضرورت ہیں۔