اسلام آباد۔2مارچ (اے پی پی):وفاقی وزیرصنعت و پیداوار خسرو بختیار نے کہا ہے کہ سرمایہ کاری کے فروغ کےلئے اوور سیزپاکستانیوں کوبھی مراعات دیں گے،عوام کے پیسوں کا رخ فلاحِ عامہ کی جانب موڑ دیا ہے،اپوزیشن عوامی فلاح پیکج کو سراہنے کے بجائے منافقانہ واویلا کر ر ہی ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے بدھ کو پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔
انہوں نے کہاکہتحریک انصاف کارکردگی کی بنیاد پر آئندہ انتخابات میں بھی کامیابی حاصل کرے گی۔انہوں نے کہا کہ مشکل ترین حالات کے باوجود حکومت نے معیشت کو مستحکم کیا،ملکی معیشت کی ترقی کیلئے صنعتوں کا فروغ بہت ضروری ہے،خسرو بختیار نے کہا کہ صنعتی شعبے کی شرح ترقی 12 فیصد ریکارڈ کی گئی ہے،ملکی زر مبادلہ کے ذخائر 23 ارب ڈالر ہیں ،
وفاقی وزیر خسرو بختیار نے کہا کہ حکومت صنعتوں کے فروغ اور بحالی کیلئے خصوصی مراعاتی پیکج کا اعلان کرچکی ہے ،ملک میں سرمایہ کاری بڑھانے کیلئے اوورسیز پاکستانیوں کو بھی خصوصی مراعات دیں گے۔انہوں نے کہاکہ آئندہ سال کیلئے برآمدات کا ہدف 36 ارب ڈالر ہے،پرامید ہیں کہ مراعات سے ملک میں صنعتی پیداوار اور برآمدات بڑھیں گی۔