سرمایہ کار آزادکشمیر میں سرمایہ کاری کریں، حکومت مکمل تحفظ فراہم کریگی، چیئرمین وزیراعظم معائنہ کمیشن راجہ منصور خان کی دوبئی ایکسپو میں میڈیا سے گفتگو

68

دبئی متحدہ عرب امارات۔16مارچ (اے پی پی):چیئرمین وزیراعظم معائنہ و عملدرآمد کمیشن راجہ منصور خان نے کہاکہ ہے کہ آزادخطہ میں سرمایہ کاری کے وسیع مواقع موجود ہیں ، سرمایہ کار آزادکشمیر میں سرمایہ کاری کریں حکومت مکمل تحفظ فراہم کریگی ، کشمیری مصنوعات کی عالمی سطح پر مارکیٹنگ کے لیے دوبئی ایکسپو اہمیت کا حامل ایونٹ ہے۔آزادکشمیر ٹورازم ، ہائیڈل ، منرل سمیت دیگر سیکٹرز میں سرمایہ کاروں کے لیے زرخیز ہے۔

آزادکشمیر کے وسائل کو بھرپور استعمال کے حوالے سے وزیراعظم سردار عبدالقیوم دن رات محنت کر رہے ہیں۔وزیراعظم عمران خان کے ویژن کے مطابق آزادکشمیر میں سیاحت کے فروغ کے لیے ترجیحی بنیادوں پر اقدامات اٹھائے جارہے ہیں ، کابینہ نے ٹوراز م اتھارٹی کے قیام کی منظوری دیدی ہے جس سے سیاحت کے فروغ میں مدد ملے گی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے دوبئی ایکسپو میں کشمیر گیلری کی افتتاحی تقریب کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔

چیئرمین وزیراعظم معائنہ و عملدرآمد کمیشن و جنرل سیکرٹری راجہ منصور خان کی دبئی ایکسپو میں پاکستان پویلین میں کشمیر گیلری کی افتتاحی تقریب میں پاکستان کے سفیر افضال محمود کے ہمراہ بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔ اس موقع پر سیکرٹری سیاحت منصور قادر ڈار، سیکرٹری سپورٹس اینڈ کلچر نعیم بسمل ، سید ذیشان حیدر ،حماد گیلانی، راجہ ظہیر، علی سدوزئی ودیگر بھی موجود تھے۔

راجہ منصور خان نے کہا کہ دوبئی ایکسپو میں آزاد حکومت کی نمائندگی کرتے ہو خوشی محسوس کر رہا ہوں۔ انہوں نے کہاکہ اوورسیز کشمیریوں کے لیے خصوصی اقدامات کر کے انہیں خطے کی طرف راغب کر رہے ہیں۔ سیاحت کا شعبہ وزیراعظم عمران خان کے دل کے بہت قریب ہے۔ آزادکشمیر میں سیاحت کے حوالے سینئر منسٹر سردار تنویر الیاس عمران خان کے ویژن کے مطابق کئی اصلاحات لا رہے ہیں۔

اورسیز کشمیریوں کو سیاحت اور دیگر شعبہ جات میں سرمایہ کاری کی دعوت دیتے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ وزیراعظم عمران خان آزادکشمیر کی تعمیر و ترقی میں خصوصی دلچسپی رکھتے ہیں۔ وزیراعظم پاکستان کی جانب سے آزاد خطہ کی تعمیر وترقی کے لیے میگا پراجیکٹس آزادکشمیر کی تقدیر بدل دیں گے۔

مانسہرہ مظفرآباد ایکسپریس وے ، رٹو شونٹر ٹنل اور دیگر بڑے منصوبے سیاحت کے نئے دروازے کھولیں گے۔ انہوں نے کہاکہ حکومت آزادکشمیر سرمایہ کاروں کو سازگار ماحول کی فراہمی کیلیے بھرپور اقدامات اٹھارہی ہے۔ راجہ منصور خان کو دوبئی ایکسپو میں کشمیر گیلری کے حوالہ سے بریفنگ دی گئی۔ انہوں نے کہاکہ اپنے پانچ سالہ دور حکومت میں بہت ساری جدید اصلاحات لا کر لوگوں کی زندگی میں انقلابی تبدیلیاں لائیں گی۔