16.1 C
Islamabad
جمعہ, مارچ 28, 2025
ہومقومی خبریںسروسز انٹرنیشنل ہوٹل لاہور کی نجکاری کا عمل فروخت کے معاہدے پر...

سروسز انٹرنیشنل ہوٹل لاہور کی نجکاری کا عمل فروخت کے معاہدے پر دستخط سے کامیابی کے ساتھ اختتام پذیر

- Advertisement -

اسلام آباد۔22نومبر (اے پی پی):سروسز انٹرنیشنل ہوٹل لاہور (ایس آئی ایچ) کی نجکاری کا عمل جمعہ کو پنجاب کوآپریٹو بورڈبرائے لیکیوڈیشن (پی سی بی ایل)، سوک کمپنی (پرائیویٹ) لمیٹڈ (سی سی سی ایل)، لاہور ڈویلپمنٹ اتھارٹی(ایل ڈی اے)، نجکاری کمیشن اور خریدار کے درمیان فروخت کے معاہدے پر پرائیویٹائزیشن کمیشن اسلام آباد میں دستخط سے کامیابی کے ساتھ اختتام پذیر ہوا۔ وفاقی وزیر برائے نجکاری/چیئرمین نجکاری کمیشن عبدالعلیم خان نے دستخط کی تقریب میں شرکت کی ۔

میسرز فیصل ٹائون (پرائیویٹ) لمیٹڈ کو اگست 2021 میں ہونے والی کھلی عوامی نیلامی کے نتیجہ میں نجکاری کمیشن نے کامیاب بولی دہندہ قرار دیا تھا جس کی منظوری وفاقی کابینہ نے 27 اکتوبر 2021 کو دی تھی۔وفاقی وزیر نجکاری نے حکومت پنجاب سمیت تمام سٹیک ہولڈرز کا شکریہ ادا کیا جنہوں نے تمام زیر التواء مسائل کے حل کو باہمی تعاون سے ممکن بنایا جس سے اس نجکاری کی تکمیل ہو پائی۔ وفاقی وزیر نے نجکاری پروگرام کی کامیابی اور نجی شعبے کی سرمایہ کاری کو راغب کرنے کے لیے تمام تر حکومتی مشینری کے یکجا طور پر کام کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔

- Advertisement -

اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر نجکاری عبدالعلیم خان کا کہنا تھا کہ سروسز انٹرنیشنل ہوٹل لاہور کی کامیاب نجکاری سے پرائیوٹائزیشن کمیشن کی ساکھ میں اضافہ ہو گا اور یہ ادارہ باقی کیسز کو بھی جلد پایہ تکمیل تک پہنچانے میں کامیاب ہو گا۔ عبدالعلیم خان نے مزید کہا کہ کاروباری طبقے کے اعتماد میں اضافے کے لئے غیر ضروری کاغذی کارروائیوں میں وقت ضائع نہیں ہونا چاہیے اور ہمیں نجکاری کے امور کو کم سے کم وقت میں مکمل کرنا چاہیے۔

Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=528275

- Advertisement -
متعلقہ خبریں
- Advertisment -

مقبول خبریں