سروے جنرل آف پاکستان کی تکنیکی صلاحیتوں سے بھرپور استفادہ کرنا چاہتے ہیں، چیئرمین سی ڈی اے

76
اسلام آباد کی زمین کو غیر قانونی تعمیرات اور تجاوزات سے پاک رکھنے کیلئے آپریشن میں تیزی لانے کا فیصلہ

اسلام آباد۔1فروری (اے پی پی):چیئرمین سی ڈی اے محمد علی رندھاوا سے سروے جنرل آف پاکستان کے سربراہ میجر جنرل رفیق الرحمٰن نے سی ڈی اے ہیڈ کوارٹرز میں ملاقات کی۔ ملاقات میں دونوں اداروں کے مابین باہمی تعاون کو فروغ دینے پر اتفاق کیا گیا اور اسلام آباد کے لئے تھری ڈی نقشہ جات اور امیجز کے حصول کے حوالے سے تبادلہ خیال بھی کیا گیا۔ہفتہ کو سی ڈی اے کی جانب سے جاری بیان کے مطابق چیئرمین سی ڈی اے محمد علی رندھاوا نے کہا کہ سروے جنرل آف پاکستان کی تکنیکی صلاحیتوں سے بھرپور استفادہ کرنا چاہتے ہیں۔

میجر جنرل رفیق الرحمٰن نے کہا کہ سروے جنرل آف پاکستان اسلام آباد کے لئے ڈیجیٹلائزڈ نقشے اور امیجز کے لئے تکنیکی تعاون کیلئے تیار ہے اور اسلام آباد شہر کے لئے رئیل ٹائم اور کم از کم سینٹی میٹر تک پوری درستگی کے ساتھ امیجز فراہم کرسکتا ہے۔چیئرمین سی ڈی اے محمد علی رندھاوا نے کہا کہ تھری ڈی امیجز سی ڈی اے کو اسلام آباد کے لئے بہتر پلاننگ اور لے آؤٹ پلانز کی تیاری میں مددگار ثابت ہونگے اور شہر کے مسائل کے حل کے لئے تھری ڈی امیجز کو استعمال میں لایا جاسکے گا۔ انہوں نے کہا کہ تھری ڈی میپ اور امیجز اراضی پر تجاوزات کی بروقت نشاندہی کو یقینی بنانے میں بھی معاونت فراہم کریں گے۔

ملاقات میں دونوں اداروں کی ٹیکنیکل ٹیمز تشکیل دینے اور باہمی تعاون بڑھانے پر بھی اتفاق کیا گیا۔ چیئرمین سی ڈی اے نے کہا کہ سروے جنرل آف پاکستان کی تکنیکی صلاحیتوں، قابلیتوں اور تجربات سے بھرپور استفادہ حاصل کیا جائے گا۔ ملاقات میں مستقبل میں دونوں اداروں میں باہمی تعاون کو فروغ دینے اور ملکر کام کرنے کے عزم کا اعادہ بھی کیا گیا۔