سرکاری آسامیوں بالخصوص میڈیکل اور انجینئرنگ کی نشستوں کے لحاظ سے کوئٹہ زیادہ منصفانہ تقسیم کا مستحق ہے،گورنر بلوچستان

100

کوئٹہ۔ 03 مارچ (اے پی پی):گورنر بلوچستان جعفرخان مندوخیل نے کہا ہےکہ کوئٹہ، صوبائی دارالحکومت ہونے کے ناطے اور بلوچستان کی تقریباً نصف آبادی کا گھر ہے لیکن تمام سرکاری آسامیوں بالخصوص میڈیکل اور انجینئرنگ کی نشستوں کے لحاظ سے کوئٹہ زیادہ منصفانہ تقسیم کا مستحق ہے،گزشتہ تقریباً چار دہائیوں کی عملی سیاست کے دوران ژوب اور کوئٹہ کے عوام کو درپیش مسائل ومشکلات کو حل کرنے کیلئے خود کو وقف کر رکھا ہے۔

گورنر بلوچستان نے رکن صوبائی اسمبلی زرک خان مندوخیل کو کوئٹہ کے تمام شہریوں، سول سوسائٹی اور میڈیا ایکٹیویسٹ کو کوئٹہ کے عام لوگوں کے مسائل کے فوری حل کیلئے شامل کرنے کی ذمہ داری سونپی ہے. واضح رہے کہ عوامی خدمت کے ساتھ کوئٹہ کے بنیادی ڈھانچے میں خاص طور پر سڑکوں کی حالت، صحت و صفائی کی صورتحال، ٹریفک اور سیوریج کے نظام میں بہتری لانا حکومت کی ذمہ داری ہے.

ان خیالات کا اظہار انہوں نے کوئٹہ یونٹی فورم کے صدر میر محمد اسلم رند کی قیادت میں وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کیا. اس موقع پر گورنر بلوچستان جعفرخان مندوخیل نے سوئی سدرن گیس اور واپڈا کے حکام کو ہدایت کی فوری طور گیس اور بجلی لوڈشیڈنگ ختم کرنے کیلئے ٹھوس اقدامات اٹھائیں.

انہوں نے کہا کہ میری کوشش ہے کہ کوئٹہ ٹو کراچی اور کوئٹہ ٹو لاہور ٹرینوں کو روزانہ کی بنیاد پر چلانے کو یقینی بنائیں تاکہ عوام کو محفوظ اور سستا سفر کی سہولیات میسر ہو سکیں. گورنر بلوچستان نے وفد پر زور دیا کہ آپ زرک مندوخیل کی سربراہی میں کوئٹہ شہر کے مختلف علاقوں میں خدمت کمیٹیاں تشکیل دیں تاکہ عوام کے مسائل ان کی دہلیز پر حل ہو سکیں۔