اسلام آباد۔1اکتوبر (اے پی پی):صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے آڈیٹر جنرل آف پاکستان (اے جی پی) پر زور دیا ہے کہ سرکاری اداروں میں مالی نظم و ضبط کے نفاذ کے لیے اقدامات کیے جائیں تاکہ سرکاری محکموں میں بے ضابطگیوں کا خاتمہ ہو سکے، آئی ٹی پر مبنی آڈٹ کی جدید تکنیکوں کو اپنانے کی ضرورت پر زور دیا جو کہ پبلک فنانس کے انتظام کے ساتھ ساتھ بدعنوانی کے خاتمے کے لیے بہت مددگار ثابت ہوں گی۔
صدر مملکت نے یہ بات آڈیٹر جنرل آف پاکستان محمد اجمل گوندل سے ملاقات کے دوران کہی جنہوں نے جمعہ کو یہاں ایوان صدر میں ان سے ملاقات کی۔ آڈیٹر جنرل نے صدر مملکت کو سرکاری اداروں میں مالی شفافیت اور جوابدہی کو یقینی بنانے میں اے جی کے دفتر کے کردار سے آگاہ کیا۔
صدر مملکت نے ریٹائرڈ سرکاری ملازمین کو پنشن لینے میں مزید سہولت دینے کی ضرورت پر روشنی ڈالی اور اے جی پی سے کہا کہ وہ اس بات کو یقینی بنائیں کہ ریٹائرڈ ملازمین کو پنشن لینے میں کوئی مشکل پیش نہ آئے۔