فیصل آباد۔ 23 دسمبر (اے پی پی):ڈویژنل انتظامیہ فیصل آباد اور وزارت صحت حکومت پاکستان کے اشتراک سے فیصل آباد ڈویژن کے سرکاری اداروں کے فوکل پرسنز اور ماسٹر ٹرینرز کی ”تمباکو نوشی سے پاک فیصل آباد ڈویژن”کے حوالے سے ایک روزہ تربیتی نشست کا انعقاد کیا گیا۔
تقریب کے مہمان خصوصی ایڈیشنل کمشنر کوآرڈینیشن مصور احمد خان نیازی تھے۔پراجیکٹ مینیجر وزارتِ صحت حکومت پاکستان محمد آفتاب احمدنے سرکاری اداروں کے افسران کو انسداد تمباکو نوشی کے قوانین اور تمباکو نوشی سے پاک نسل کے حوالے سے تربیت فراہم کی۔
اسسٹنٹ کمشنر نے تربیت حاصل کرنے والے افسران سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ نوجوان نسل کو تمباکو نوشی کے نقصانات سے بچانے کیلئے اہم فریضہ سمجھ کر اپنا کردار ادا کریں۔ڈپٹی ڈائریکٹر سوشل ویلفیئرآمنہ عالم، ڈاکٹر جعفر حسن مبارک اورڈویژنل کوآرڈینیٹر برائے انسداد تمباکو نوشی محمد صادق الحسن نے بھی تربیت حاصل کرنے والے افسران سے خطاب کیا۔
نشست کے اختتام پر تربیت حاصل کرنے والے ہیلتھ،ڈائریکٹوریٹ کالجز،پولیس،ایکسائز،پنجاب فوڈ اتھارٹی،بورڈ آف انٹرمیڈیٹ اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن،فیصل آباد چیمبر آف کامرس،ڈائریکٹوریٹ لوکل گورنمنٹ کے افسران میں سرٹیفیکیٹس تقسیم کئے گئے۔