سرکاری افسران خدمت خلق کے جذبے سے اپنے فرائض انجام دیں، وفاقی محتسب محمد سلمان فاروقی

130

اسلام آباد ۔ 21 ستمبر (اے پی پی) وفاقی محتسب محمد سلمان فاروقی نے کہا ہے کہ سرکاری افسران خدمت خلق کے جذبے سے اپنے فرائض انجام دیںاور شہریوں کے مسائل حل کرنے کا عزم لے کر روزانہ اپنے دفتروں میں جائیں تو پاکستان کے بہت سے مسائل حل ہو جائیں گے۔ وفاقی محتسب نے کہا کہ ہمیں اپنے فیصلوں پر عملدرآمد کرانے کا مکمل اختیار حاصل ہے یہی وجہ ہے کہ ہمارے نوے فیصد فیصلوں پر عملدرآمد ہو رہا ہے ۔وہ گزشتہ روزوفاقی محتسب کے مطالعاتی دورہ پرآئے ہوئے نیشنل انسٹیٹیوٹ آف مینجمنٹ پشاورکے زیر تربیت افسروں کے ایک وفد سے خطاب کر رہے تھے۔ وفاقی محتسب نے وفد کو اپنے ادارے کے دائرہ کار ‘اختیارات او رشکایات کے ازالہ کے طریق کار کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی۔ وفاقی محتسب نے سرکاری افسران کو ہدایت کی کہ وہ کسی دباﺅ میں آئے بغیر کام کریں اور عام لوگوں کو ریلیف فراہم کرنے کیلئے نئے نئے راستے نکالیں اور روایتی طریقوں سے ہٹ کر عوام الناس کی خدمت کریں ۔