سیالکوٹ ۔ 31 جنوری (اے پی پی):ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر فنانس اینڈ پلاننگ سیالکوٹ مظفر مختار نے کہا ہے کہ قانون کے مطابق سرکاری اور نجی اداروں میں خصوصی افراد( جسمانی معذوری کا شکار) کا 3 فیصد کوٹہ لازمی ہے۔انہوں نے کہا کہ اس سلسلہ میں سوشل ویلفئیر کے افسران ایک خصوصی مہم کا آغاز کریں اور مختلف صنعتی و کمرشل یونٹس میں کوٹہ پر عملدرآمد کو یقینی بنائیں اور یہ بات انہیں باور کروائیں کہ خصوصی افراد معاشرے کا حصہ ہیں ان کی دیکھ بھال ضروریات کا خیال رکھنا معاشرے کی اجتماعی ذمہ داری ہے۔
یہ بات انہوں نے جمعہ کو ضلعی بہبود و بحالی یونٹ برائے معاونت معذور افراد سیالکوٹ کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ ڈپٹی ڈائریکٹر سوشل ویلفیئر شریف گھمن ، اسسٹنٹ ڈائریکٹرز سوشل ویلفیئر عدنان راٹھور،سدرہ سلطانہ، ڈی ایچ او احمد ناصر چوہدری، اشفاق نذر گھمن ، ڈی او انڈسٹریز تنویر احمد ، ڈی ای او سیکنڈری ایجوکیشن محمد نواز ، انجینئر وقاص لودھی ، نمائندگان معذور افراد شاہ زیب، حافظ شاہد رضا اور نمائندہ زکوٰۃ ڈیپارٹمنٹ سلمان احمد بھی موجود تھے۔اے ڈی سی نے کہا کہ ہمت کارڈ کے اجراء کیلئے ناٹ فٹ ٹو ورک سریٹیفیکیٹس کے اجراء کیلئے باقاعدگی سے بورڈ کیا جائے اور معذور جانچنے کیلئے مطلوبہ آلات کی دستیابی کو بھی یقینی بنایا جائے اس ضمن میں اسپشلائزڈ ہیلتھ کیئر ڈیپارٹمنٹ کو سفارشات بھجوائی جائیں گی جبکہ سیکرٹری ریجنل ٹرانسپورٹ اور ڈپٹی ڈائریکٹر سوشل ویلفیئر مل کر معذوروں کو مفت سفری کارڈ کے اجراء اور پبلک ٹرانسپورٹ میں قانون کے مطابق سیٹ بھی مختص کروائیں گے۔
انہوں نے ٹیکنیکل ایجوکیشن اینڈ ووکیشنل ٹریننگ انسٹی ٹیوٹ کے مقامی حکام کو ہدایت کی کہ وہ معذور افراد کو ترجیحی بنیادوں پر ہنر مند بنائیں اور کو زیادہ سے زیادہ داخلے دیں۔ اے ڈی سی نے کہا کہ نئے تعمیر ہونے والے کمرشل پلازوں اور مارکیٹوں میں معذور افراد کیلئے فرینڈلی بنانے کیلئے ڈسٹرکٹ ہائی لیول ڈیزائن کمیٹی کو کمیٹی کی جانب سفارشات بھجوائی جائیں گی کہ وہ نقشوں کی منظوری کے دوران اسپیشل پرسنز کیلئے اپروج اور اسپیشل ٹائلٹس کی سہولت کو یقینی بنائیں ۔