اسلام آباد۔5دسمبر (اے پی پی):وزارت مذہبی امور و بین المذاہب ہم آہنگی نے سرکاری حج سکیم کے تحت حج 2025 کے لئے درخواستوں کی وصولی کی تاریخ میں 10 دسمبر تک توسیع کردی ۔ وزارت مذہبی امور و بین المذاہب ہم آہنگی نے حج 2025 کےلئے درخواستوں کی وصولی کا آغاز 18 نومبر 2024 سے کیا اور 3 دسمبر تک 68 ہزار 434 درخواستیں موصول ہوئیں اور سب درخواستوں کو کامیاب قرار دے دیا ۔ ترجمان نے کہا کہ وزارت مذہبی امور نے درخواست گزاروں کی سہولت کے لئے سرکاری سکیم کے تحت درخواستوں کی وصولی کی تاریخ میں 10دسمبر تک توسیع کردی ہے ۔
وزارت مذہبی امور کی طرف سے جاری شیڈول کے مطابق سپانسر شپ سکیم کے لیے 5 ہزار نشستیں مختص کی گئی ہیں۔ سمندر پار پاکستانی اپنے یا اپنے پیاروں کیلئے ” پہلے آئیے پہلے پائیے کی بنیاد پر سپانسر شپ سکیم کے ذریعے کسی نامزد بینک میں ڈالرز میں رقم بھجوا سکیں گے۔ 06 دسمبر 2025 تک کار آمد پاکستانی پاسپورٹ اور 12 فروری 2013 سے پہلے پیدا ہونے والے مسلمان درخواست دینے کے اہل ہیں۔
سعودی ہدایات کے مطابق حج پر روانگی مطلوبہ جسمانی صحت سے مشروط ہے جبکہ میڈیکل فٹنس سرٹیفکیٹ حج فارم کا حصہ ہے۔بیرون ملک مقیم درخواست گزار میڈیکل سرٹیفکیٹ ویب سائٹ سے ڈائون لوڈ کر کے مطلوبہ دستاویزات کے ساتھ بینک میں بھجوائیں۔ایک گروپ کے تمام افراد کیلئے یکساں حج پیکیج (لانگ یا شارٹ) منتخب کرنالازم ہے۔
بنیادی حج پیکج میں محرم رشتہ داروں پر مشتمل 4 تا 6 افراد کے لیے فیملی روم کی سہولت موجود ہوگی۔ حج درخواست فارم میں فیملی کا انتخاب کرناہو گا۔اسلامی نظریاتی کونسل کی سفارشات کی رو سے خواتین حلف نامہ دینے پر قابل اعتماد خواتین کے گروپ کے ساتھ بغیر محرم حج درخواست دے سکتی ہیں۔ پاکستانی پاسپورٹ (یاٹو کن)، شناختی کارڈ، ب فارم کی فوٹو کاپیاں اور نیلے پس منظر والی پاسپورٹ سائز تصویر کے ساتھ بنک سے رابطہ کریں۔
فارم جمع کرواتے وقت تفصیلی شرائط و ضوابط بغور پڑھ لیں۔ درخواست پر اسیس کرا کر کمپیوٹرائزڈ رسید اور حج درخواست نمبر ضرور حاصل کریں۔درخواست گزار وزارت کی ویب سائٹ، واٹس ایپ اور سوشل میڈیا اکاونٹس ضرور فالو کریں تا کہ تمام معلومات ہر وقت دستیاب ہو سکیں۔ریگولر حج سکیم کے درخواست گزار گھر بیٹھے وزارت کی ویب سائٹ کے ذریعے آن لائن حج درخواست اور واجبات جمع کروا سکتے ہیں۔
بنیادی ریگولر حج پیکیج 1,075,000 : -/1,175,000 کے درمیان متوقع ہے ریگولر حج سکیم کی پہلی قسط کی ر قم مبلغ 2لاکھ روپے حج درخواست فارم کے ساتھ لی جارہی ہے،دوسری قسط مع اختیاری خراجات (اگر ہوں ) مبلغ 4 لاکھ روپے قرعہ اندازی کے 10دن کے اندر جمع کرانا ہونگے ،تیسری قسط بقیہ رقم پر مشتمل ہوگی جو 10 فروری تک لازمی جمع کرانا ہوگی۔
سپانسر شپ حج سکیم کے تحت4225 ڈالر نامزد بینک کے فارن اکاونٹ میں بیرون ملک سے امریکی ڈالرز میں یکمشت بھجوانا ہوگی، ادائیگی کے شیڈول پر عمل نہ کرنے کی صورت میں ضابطہ کے مطابق درخواست کی منسوخی اور رقم کی کٹوتی لاگو ہوگی۔اختیاری سہولیات میں بنیادی حج پیکیج کے علاوہ ہر درخواست گزار پر مندرجہ ذیل اضافی اخراجات لاگو ہیں) جن میں مکہ میں رہائش کی کیٹگری(الگ کمرہ بشرط دستیابی)،2 بیڈز کےلئے 2 لاکھ 59 ہزار روپے یا 930 ڈالر ، تین بیڈز کی صورت میں 86 ہزار500 روپے یا 310 ڈالر جبکہ قربانی کے اضافی 55 ہزار500 روپے یا 200 ڈالر ادا کرنا ہونگے۔