سرکاری حج سکیم کے 7,309 مزید کامیاب درخواست گزاروں کا انتخاب کرلیا گیا

77

اسلام آباد ۔ 3 جون (اے پی پی)سعودی عرب کی طرف سے پاکستان کو ملنے والے 15,790 میں سے سرکاری حج سکیم کے 7,309 مزید کامیاب درخواست گزاروں کا انتخاب کرلیا گیاہے۔ پیر کو وزارت مذہبی امور میں سرکاری سکیم کے تحت دوسری حج قرعہ اندازی کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر مذہبی امور ڈاکٹر نورالحق قادری نے کہا کہ سعودی ولی عہد کی پاکستان آمد کے موقع پر وزیراعظم عمران خان نے حج کے حوالے سے ان سے روڈ ٹو مکہ پروجیکٹ اور پاکستان کے حج کوٹے میں اضافے کی درخواست کی تھی، جس کے نتیجے میں پاکستان کو 15,790 حجاج کا اضافی کوٹہ دیا گیا۔ وفاقی کابینہ کے فیصلے کے مطابق اس اضافی کوٹے کو بھی سرکاری اور پرائیویٹ سکیموں میں 60 اور 40 فیصد کے تناسب سے تقسیم کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ سرکاری سکیم کے تحت اس کوٹے میں سے 9474 جبکہ پرائیویٹ سکیم کے تحت 6316 پاکستانی فریضہ حج ادا کریں گے۔ اس طرح پاکستان کے مجموعی طور پر دو لاکھ حجاج میں سے سرکاری سکیم کے تحت ایک لاکھ 17ہزار جبکہ پرائیویٹ سکیم کے تحت 83,000 عازمین رواں سال فریضہ حج ادا کریں گے۔سرکاری سکیم کے اضافی کوٹے میں سے 142نشستیں ہارڈ شپ اور گزشتہ پانچ سالوں کے دوران مسلسل تین مرتبہ 2023ناکام درخواست گزاروں کو بغیر قرعہ اندازی کے کامیاب قرار دیا گیا ہے اسی طرح سرکاری سکیم کے تحت دوسری قرعہ اندازی کے ذریعے 9474میں سے 7309 درخواست گزاروں کا انتخاب کیا گیا ہے۔ قرعہ اندازی کے نتائج کی اطلاع وزارت مذہبی امور کی ویب سائٹ اور ایس ایم ایس کے ذریعے کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ پہلی قرعہ اندازی میں ناکام رہنے والے وہ افراد بھی قرعہ اندازی میں شامل ہوگئے ہیں جنہوں نے بینکوں کے اپنی رقوم واپس لے لی تھیں۔ وزیر مذہبی امور نے کہا کہ دوسری قرعہ اندازی میں کامیاب درخواست گزاروں کو 14 جون تک اپنے متعلقہ بینکوں میں پاسپورٹ اور دیگر لوازمات جمع کروانے ہوں گے بصورت دیگر ان کا انتخاب کالعدم قراردیا جائے گا۔وزیرمذہبی امور نے قرعہ اندازی میں ناکام رہنے والے ایسے تمام درخواست گزاروں سے کہا ہے کہ وہ اپنی رقوم اپنے بینکوں سے واپس لے سکتے ہیں رقوم کی واپسی میں کسی بھی قسم کی مشکل کی صورت میں وزارت مذہبی امور کا عملہ ان کی ہر ممکن مدد کرے گا۔