راولپنڈی ۔4اپریل (اے پی پی):ممبر کنٹونمنٹ بورڈ حاجی ظفر اقبال نے کہا ہے کہ گورنمنٹ عزیز نیشنل ہائی سکول کا شمار راولپنڈی کے بہترین تعلیمی اداروں میں ہوتا ہے جہاں سے فارغ التحصیل طلباء اعلیٰ عہدوں پر پہنچ کر ملک و قوم کی خدمت کر رہے ہیں۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے بطور مہمان خصوصی گورنمنٹ عزیز نیشنل ہائی سکول کمال آباد میں سالانہ تقسیم انعامات کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔
انہوں نے کہا کہ گورنمنٹ سکولوں میں بہترین اور قابل اساتذہ بچوں کو زیور تعلیم سے آراستہ کر رہے ہیں لیکن پبلسٹی نہ ہونے کی وجہ سے ان کی کارکردگی نمایاں طور پر سامنے نہیں آتی۔
انہوں نے معیاری تعلیم فراہم کرنے پر اساتذہ کو سراہا اور طلباء کی حوصلہ افزائی کرتے ہوئے سکول کے مسائل کو حل کرنے میں ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کرائی۔ تقریب کے اختتام پر مہمان خصوصی نے نمایاں پوزیشن حاصل کرنے والے طلباء میں انعامات تقسیم کیے۔