سرکاری سکیم کے تحت تین ہزار سے زائد عازمین منگل اور بدھ کی درمیانی شب تک مدینہ منورہ پہنچیں گے ، ترجمان وزارت مذہبی امور

160
Ministry of Religious Affairs
Ministry of Religious Affairs

اسلام آباد۔23مئی (اے پی پی):سرکاری سکیم کے تحت ملک کے مختلف شہروں سے 9 مزید پروازوں کے ذریعے تین ہزار سے زائد عازمین منگل اور بدھ کی درمیانی شب تک مدینہ منورہ پہنچیں گے ۔ وزارت مذہبی امور کے ترجمان کے مطابق روڈ ٹو مکہ منصوبے کے تحت اسلام آباد سے چار پروازیں آئیں گی جبکہ پانچ دیگر پروازیں سیالکوٹ، کراچی اور ملتان سے آئیں گی۔ مدینہ منورہ میں عازمین کے لئے رہائش سمیت تین وقت کے کھانے کے علاوہ 24 گھنٹے ان کی راہنمائی کے لئے معاونین فرائض سر انجام دے رہے ہیں ۔

انہوں نے کہا کہ وزیر مذہبی امور نے بار بار عملے کو تنبیہ کی ہےکہ وہ حجاج کی خدمت میں کسی قسم کی غفلت نہ برتیں۔ انہوں نے عازمین حج سے بھی اپیل کی کہ وہ اپنے سفر کے دوران صبر و تحمل کا مظاہرہ کریں اور سعودی عرب میں قیام اور پاکستان کے نمائندے ہونے کے ناطے مثالی نظم و ضبط کا مظاہرہ کریں۔

واضح رہے کہ 2019 کے بعد پوری تعداد کے ساتھ یہ پہلا حج ہوگا جس میں تقریباً 180,000 پاکستانی فریضہ حج کی سعادت حاصل کریں گے ۔ مسجد نبوی میں توسیعی کام کی وجہ سے رہائش کے حوالے سے مشکلات کے باوجود پاکستانی حکام عازمین حج کو بہترین قریبی ہوٹل فراہم کرنے کی بھرپور کوششیں کر رہے ہیں۔