سرکاری شعبہ کے ترقیاتی منصوبوں کےلئے 582 ارب روپے جاری

89
وزارت منصوبہ بندی

اسلام آباد ۔ 02 جون (اے پی پی)وفاقی حکومت نے سرکاری شعبہ کے ترقیاتی پروگرام (پی ایس ڈی پی) کے تحت ترقیاتی منصوبوں کےلئے 582 ارب روپے کے فنڈز جاری کئے ہیں جو جاری مالی سال کے لئے پی ایس ڈی پی کے تحت مختص کردہ بجٹ کے 86.2 فیصد کے مساوی ہیں۔ وزارت منصوبہ بندی، ترقی واصلاحات کے اعدادوشمار کے مطابق رواں مالی سال کے لئے پی ایس ڈی پی کے لئے 675 ارب روپے کا بجت مختص کیا گیا تھا ۔ رپورٹ کے مطابق رواں مالی سال کے لئے جاری کئے گئے فنڈز میں مختلف منصوبوں کے لئے 186.2 ارب روپے غیر ملکی امداد کی مد میں بھی جاری کئے گئے ہیں۔ رپورٹ کے مطابق حکومت نے جاری مالی سال کے دوران مختلف وزارتوں ، ڈویژنز اور متعلقہ محکموں کے لئے 232.1 ارب روپے جاری کئے ہیں جو مختص کئے گئے فنڈز کے 79.6 فیصد کے مساوی ہیں جبکہ ریلیز کئے گئے ترقیاتی فنڈز میں غیر ملکی امداد کے تحت 28.84 ارب روپے جاری کئے گئے ہیں ۔ واضح رہے کہ مالی سال کے لئے مختلف وزارتوں، ڈویژنز اور محکموں کے لئے 291.55 ارب روپے کا بجٹ مختص کیا گیا تھا۔