سرکاری ملازمین کو سیاستدانوں کی طرح اپنے اثاثوں کی تفصیل جمع کرانے کی تجویز آئی ہے،وفاقی وزیر زاہد حامد

96

اسلام آباد ۔ 24 جنوری (اے پی پی) قانون و انصاف کے وفاقی وزیر زاہد حامد نے کہا ہے کہ قومی احتساب قانون کے بارے میں قائم کی گئی پارلیمانی کمیٹی نے تجویز پیش کی ہے کہ سرکاری ملازمین کو سیاستدانوں کی طرح اپنے اثاثہ جات کی تفصیل جمع کرانی چاہئے۔ انہوں نے منگل کو کمیٹی کے اجلاس کی صدارت کی۔ کمیٹی کا قیام قومی احتساب آرڈیننس کا جائزہ لے کر تجاویز پیش کرنے کیلئے عمل میں لایا گیا ہے۔ اجلاس میں کمیٹی نے 1947ءسے لے کر اب تک ملک میں متعارف کرائے گئے اینٹی کرپشن کے قوانین کا تفصیلی جائزہ لیا۔ وفاقی وزیر نے میڈیا کو اجلاس کے بعد احتساب کے بنیادی ڈھانچہ کے بارے میں بتایا اور کہا کہ اجلاس میں کمیٹی کے تمام اراکین شریک تھے اور انہوں نے احتساب کے قوانین کا تفصیلی جائزہ لیا ہے اور اس امر پر اتفاق کیا ہے کہ وہ آئندہ اجلاس کے دوران اپنی تجاویز پیش کریں گے۔