اسلام آباد۔20اپریل (اے پی پی):وفاقی وزیر برائے ہائوسنگ اینڈ ورکس مولانا عبدالواسع نے کہاہے کہ سرکاری ملازمین کے رہائشی مسائل کا حل اولین ترجیح ہے ، عوام بالخصوص سرکاری ملازمین کو سستی اور معیاری رہائش کی فراہمی کے لیے فوری اقدامات کیے جائیں گے ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے بدھ کو وزارت کا قلمدان سنبھالنے کے بعد اپنے دفتر میں افسران سے ملاقات میں کیا ۔
وزیر ہائوسنگ اینڈ ورکس کی وزارت آمد کے موقع پر سیکرٹری ڈاکٹر عمران زیب اور دیگر اعلیٰ افسران نے استقبال کیا اور انہیں منصب سنبھالنے پر مبارکباد دی ۔ اس موقع پر سیکرٹری ہائوسنگ اور وزارت کے دیگر ذیلی اداروں کے سربراہان نے انہیں بریفنگ بھی دی ۔ مولانا عبدالواسع نے حکام کو ہدایت کی کہ سرکاری ملازمین کی رہائش اور پلاٹوں سے متعلق مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کیے جائیں اور عوام کے لیے بھی رہائشی منصوبہ جات کو ترجیح دی جائے ۔