مظفرگڑھ۔ 04 نومبر (اے پی پی):سیکرٹری ریونیو ساؤتھ پنجاب مہر خالد احمد کی زیرصدارت ڈپٹی کمشنر آفس لیہ میں ریونیو دفاتر کی سالانہ پڑتال اور ریونیو اہداف کے حوالے سے اجلاس کا انعقاد ہوا۔ اجلاس میں ڈپٹی کمشنر امیرا بیدار، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو محمد شاہد ملک، اسسٹنٹ کمشنرز اور ریونیو افسران نے شرکت کی۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے سیکرٹری ریوینیو مہر خالد احمد نے کہا کہ سرکاری واجبات کی وصولی کے سو فی صد اہداف حاصل کئے جائیں اور سرکاری اراضی کی واگزاری کو یقینی بنایا جائے،پٹہ جات کے حوالہ سے مقدمات کو جلد نمٹایا جائے،
سرکاری رقبہ کی لیز پر نیلامی کا عمل بھی جلد مکمل کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ سرکاری واجبات کی وصولی میں کوئی نرمی نہ برتی جائے اور باقیداران کو نوٹس جاری کئے جائیں۔ انہوں نے کہا کہ سرکاری اراضی کی واگزاری اور لیز پر نیلامی کے عمل میں مکمل شفافیت اور میرٹ پر کام کیا جائے اور تمام ریکارڈ کو دیانتداری سے مرتب کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ ریونیو مقدمات کو جلد نمٹانے کے لئے تندہی سے کام کیا جائے اور حقداروں کو ان کا حق دیا جائے۔ اس موقع پر اے ڈی سی آر شاہد ملک نے ریونیو بارے تفصیلی بریفنگ دی۔ مہر خالد احمد نے ریونیو دفاتر کا معائنہ کیا اور ریکارڈ کی پڑتال کی۔ انہوں نے ریونیو ریکارڈ کو مزید بہتر انداز میں محفوظ بنانے کی ہدایات جاری کیں۔