سرکاری وصولیوں ،ڈیوٹیوں ،ٹیکسوں کی وصولی کے لیے برانچیں 28جون سمیت 29اور 30جون کو کھلی رہیں گی، مرکزی بینک

186
State Bank of Pakistan
State Bank of Pakistan

کراچی۔ 28 جون (اے پی پی):ٹیکس دہندگان کو متبادل ڈلیوری چینلز (اے ڈی سی)اوور دی کائونٹر سہولتوں کے ذریعے سرکاری ڈیوٹیوں/ٹیکسوں کی ادائیگی میں سہولت فراہم کرنے کی غرض سے فیصلہ کیا گیا ہے کہ تمام بینک 28 جون سمیت 29اور 30جون 2024 کو درج ذیل اوقاتِ کار کی پابندی کریں گے ۔ مرکزی بینک سے جمعہ کو جاری اعلامیہ کے مطابق جمعہ 28جون 2024 کو تمام کمرشل بینک صبح 9:00 بجے سے شام 6:00بجے تک کھلے رہیں گے جبکہ 29جون 2024 بروز ہفتہ بینکوں کی وہ تمام برانچیں جو ہفتے کو کھلی رہتی ہیں، ان کے اوقاتِ کار صبح 9:00 بجے سے شام 6:00 بجے تک ہوں گے۔ 30جون 2024 اتوار، بینکوں کی وہ تمام برانچیں جو ہفتے کو کھلی رہتی ہیں، ان کے اوقاتِ کار صبح 9:00 بجے سے رات 10:00 بجے تک ہوں گے۔

ان تین دنوں کے دوران، نفٹ (NIFT)بینکوں کے کائونٹرز سے صرف سرکاری وصولیوں اور ادائیگیوں سے متعلق دستاویزات جمعہ اور ہفتہ کو شام 6:00 بجے جبکہ اتوار کو صبح 10:00 بجے وصول کرے گا۔ ان دستاویزات کا تصفیہ وصولی کے اگلے روز خصوصی کلئیرنگ کے ذریعے کیا جائے گا اور نفٹ 29 اور 30 جون 2024 کو دوپہر 1:00 بجے اور یکم جولائی 2024 کو صبح 10:00 بجے کلئیرنگ فیٹ فراہم کرے گا۔یکم جولائی 2024 کو مالی سال 2023-24 کی کلوزنگ کے مقصد کے لیے سٹیٹ بینک اور پرزم(PRISM) 30جون 2024 کی تاریخ کو بطور یومِ کار کھلے رہیں گے۔

بینکوں کو ہدایت کی جاتی ہے کہ وہ اس کے مطابق اپنے سسٹمز میں 29اور 30جون 2024 کو بطور یومِ کار درج کریں تاکہ مذکورہ شیڈول کے مطابق خصوصی کلیئرنگ انجام دی جاسکے۔ٹیکس وصولیوں کے التوا کو دور کرنے کے لیے بینک اس بات کو یقینی بنائیں گے کہ مذکورہ بالا دفتری اوقات کے دوران سرکاری وصولیوں سے متعلق دی گئی، کوئی بھی دستاویز برانچ کائونٹرز پر نظر انداز نہ کی جائے اور اسے 30جون 2024 کی تاریخ میں مذکورہ خصوصی کلیئرنگ میں شامل کیا جائے۔مزید یہ کہ تمام بینکوں کو ہدایت کی جاتی ہے کہ وہ کلیئرنگ سے متعلق اپنی برانچوں کو 28، 29 اور 30 جون 2024 کو اس وقت تک کھلا رکھیں ، جو نفٹ کی جانب سے سرکاری لین دین کی خصوصی کلیئرنگ میں سہولت دینے کے لیے ضروری ہے۔