سرگودھا ۔ 27 نومبر (اے پی پی):ڈپٹی کمشنر کیپٹن( ر) محمد وسیم کی زیر صدارت ضلعی ترقیاتی کمیٹی کے اجلاس میں سالانہ ترقیاتی پروگرام کے تحت مختلف محکموں کی جاری اورنئی سکیموں پر پیش رفت کا جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں طبی مراکز، ڈی سی کمپلیکس اور نواز شریف انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی کے جاری منصوبوں پر اب تک کے اخراجات کی رپورٹ بھی پیش کی گئی۔
اس طرح زیر تعمیر 47 فلائی اوور،سرگودہا فیصل آباد بائی پاس اور سالم سے سرگودہا براستہ بھلوال اجنالہ زیر تعمیر سڑک بارے بھی بریفنگ دی گئی۔ اجلاس میں وزیر ا علیٰ پنجاب کے خصوصی ترقیاتی پروگرام کے تحت جاری مختلف منصوبوں کا بھی جائزہ لیا گیا۔
ڈپٹی کمشنر نے محکمہ بلڈنگ کو مکمل ہونے والے منصوبہ جات متعلقہ محکموں کے سپرد کرنے کے بارے امور ترجیحی بنیادوں پر نمٹانے کی ہدایت کی۔
اُنہوں نے کہاکہ جاری ترقیاتی منصوبے مقررہ مدت کے اندر مکمل کئے جائیں۔ تعمیراتی میٹریل کی کوالٹی کو سو فیصد یقینی بنایا جائے۔ اجلاس میں ڈپٹی ڈائریکٹر ڈویلپمنٹ مہتاب یٰسین کے علاوہ تعمیراتی ودیگر محکموں کے افسران نے شرکت کی۔