26.6 C
Islamabad
منگل, اپریل 1, 2025
ہومعلاقائی خبریںسرگودھا ، چھوٹی عید پر بڑا تحفہ، 47 پل فلائی اوور ٹریفک...

سرگودھا ، چھوٹی عید پر بڑا تحفہ، 47 پل فلائی اوور ٹریفک کے لیے کھول دیا گیا

- Advertisement -

سرگودھا ۔ 29 مارچ (اے پی پی):سرگودھا میں 47 فلائی اوور ٹریفک کے لیے کھول دیا گیا۔ باضابطہ افتتاح فلائی اور کے نیچے دونوں اطراف کی سٹرکوں اور سیور نالہ کی تعمیر مکمل ہونے کے بعد جون میں کیا جائے گا۔ وزیر مملکت برائے صحت ڈاکٹر مختار بھرتھ نے پارلیمنٹیرین ڈاکٹر ذوالفقار علی بھٹی، رانا منور غوث، منصور سندھو، عاصم شیر مکین اور صفدر ساہی کے علاوہ ڈاکٹر لیاقت علی ، عبد الرزاق ڈھلوں ، میاں سبحان،کمشنر سرگودہا ڈویڑن جہانزیب اعوان، ڈپٹی کمشنر کیپٹن ریٹائرڈ محمد وسیم ، ایس ای ہائی ویز رانا عابد علی اور ایکسین گلفام اقبال اعوان کے ہمراہ فلائی اوور کو ٹریفک کے لیے کھولا۔ 1.43کلومیٹر لمبے فلائی اوور کی تعمیر پر کل 2 ارب 22 کروڑ روپے خرچ ہوئے جو ریکارڈ ڈیڑھ سال میں مکمل کیا گیا ہے۔

فلائی اوور کی تعمیر سے میانوالی، بھکر اور خوشاب سمیت دیگر اضلاع کے لوگوں کو لاہور اور فیصل آباد آنے جانے میں آسانی ہوگی اور قینچی موڑ پر ٹریفک کے سنگین مسائل ختم ہوں گے۔ وزیر مملکت ڈاکٹر مختار بھرتھ نے گاڑی میں فلائی اوور کا پورا راو نڈ لگایا اور تعمیراتی معیار کا مشاہدہ کیا۔ انہوں تعمیر کے اعلی معیار کو سراہا اور اہلیان سرگودھا کو فلائی اوور کی تعمیر کی مبارکباد دی۔ انہوں نے کہا کہ صوبائی وزرائی ، سیکرٹریز اور ڈویڑنل و ضلعی انتظامی افسران نے مسلسل مانیٹرنگ کر کے اس اہم منصوبے کی بروقت تکمیل کو یقینی بنایا جس پر سب مبارکباد کے مستحق ہیں۔

- Advertisement -

میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے وزیر مملکت کا کہنا تھا کہ گورنمنٹ نواز شریف کارڈیالوجی ہسپتال اور فلائی اوور مسلم لیگ ن کی حکومت کا سرگودھا کے عوام کے لیے تحفہ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ماضی کی حکومت نے اس منصوبے کو سرخ فیتے کی نظر کر دیا تھا لیکن صوبائی وزیر مواصلات ملک صہیب بھرتھ کی خصوصی کاوشوں اور مسلم لیگ ن کے مقامی پارلیمنٹیرین نے وزیر اعلی پنجاب مریم نواز شریف سے ملاقات کرکے فنڈز جاری کرنے کی سفارش کی۔

انہوں نے مزید بتایا کہ فلائی اوور کا تھرڈ پارٹی آڈٹ کروا کر باضابطہ افتتاح جون میں کیا جائے گا۔ شہریوں نے فلائی اوور کو ٹریفک کے لیے کھولنے پر وزیراعلی پنجاب مریم نواز شریف کا شکریہ ادا کیا ہے ۔

Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=577263

- Advertisement -
متعلقہ خبریں
- Advertisment -

مقبول خبریں