سرگودھا۔ 07 اگست (اے پی پی):سرگودھا میں "حصولِ آزادی سےتحفظِ آزادی تک” کے عنوان سے جشنِ آزادی کی تقریبات جوش و خروش سے جاری ہیں۔ ضلعی انتظامیہ، سرکاری اداروں، تعلیمی شعبے اور سول سوسائٹی کی مشترکہ کاوشوں سے جشنِ آزادی کی سرگرمیاں عروج پر پہنچ چکی ہیں۔شہر کے داخلی و خارجی راستوں، اہم چوراہوں، سرکاری دفاتر،تعلیمی اداروں،مارکیٹوں اورتاریخی مقامات کو قومی پرچموں، برقی قمقموں، سبز و سفید روشنیوں، جھنڈیوں اور بیجز سے دلہن کی طرح سجایا جا رہا ہے۔
شہریوں خصوصاً بچوں اور نوجوانوں میں جشنِ آزادی کے حوالے سے بھرپور جوش و خروش دیکھا جا رہا ہے۔ بازاروں میں قومی رنگ کے ملبوسات، پرچم، بیجز اور دیگر قومی اشیاء کے خصوصی سٹالز لگائے گئے ہیں جہاں عوام کی بڑی تعداد خریداری میں مصروف ہے۔ ڈپٹی کمشنرسرگودھا کیپٹن (ر) محمد وسیم نے کہا کہ زندہ قومیں نہ صرف اپنی آزادی کے دن کو جوش و جذبے سے مناتی ہیں بلکہ قومی وحدت اور یکجہتی کو بھی فروغ دیتی ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ ضلعی انتظامیہ کی جانب سے جشنِ آزادی کی تقریبات کو منظم، شایانِ شان اور باوقار انداز میں منانے کے لئے تمام وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں اور تمام سرکاری و غیر سرکاری ادارے اس قومی فریضے میں شامل ہیں۔
ضلعی سطح پر تعلیمی اداروں میں طلباء و طالبات کے مابین مضمون نویسی، ملی نغمہ خوانی، مصوری، تقریری مقابلے اور ماحولیاتی تحفظ جیسے اہم موضوعات پر تقریبات شیڈول کی جا رہی ہیں تاکہ نئی نسل کو آزادی کی اہمیت اور قومی ذمہ داریوں سے روشناس کرایا جا سکے۔ڈپٹی کمشنر نے عوام سے اپیل کی کہ وہ جشنِ آزادی کو نظم و ضبط، قومی یکجہتی اور حب الوطنی کے جذبے کے ساتھ منائیں اور صفائی ستھرائی، امن و امان اور ماحولیات کی بہتری کے لئے انتظامیہ سے بھرپور تعاون کریں۔