22.5 C
Islamabad
منگل, ستمبر 2, 2025
ہومقومی خبریںسرگودھا میں سندھ انسٹیٹیوٹ آف یورولوجی اینڈ ٹرانسپلانٹیشن کے قیام سے شہریوں...

سرگودھا میں سندھ انسٹیٹیوٹ آف یورولوجی اینڈ ٹرانسپلانٹیشن کے قیام سے شہریوں کو جدید طبی سہولیات میسر آئیں گی ، ندیم افضل چن

- Advertisement -

سرگودھا۔ 02 ستمبر (اے پی پی):پاکستان پیپلزپارٹی کے مرکزی سیکرٹری اطلاعات ندیم افضل چن نے کہا ہے کہ چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری کے وژن کے تحت سرگودھا میں جدید طبی سہولیات سے آراستہ سندھ انسٹیٹیوٹ آف یورولوجی اینڈ ٹرانسپلانٹیشن (ایس آئی یو ٹی) کے قیام سے گردوں کے امراض میں مبتلا مریضوں کوجدید طبی سہولیات میسر آئیں گی جو نہ صرف سرگودھا بلکہ منڈی بہاوالدین، خوشاب سمیت گردونواح کےعلاقہ کے لاکھوں لوگوں کے لیے امید کی کرن ثابت ہوگا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نےکراچی سے آئی ہوئی میڈیکل ٹیم کے ہمراہ میڈیا سے گفتگو کرتےہوئے کیا ۔اس موقع پر پاکستان پیپلز پارٹی سرگودھا ڈویژن کے صدرتسنیم احمد قریشی ،پراجیکٹ ڈائریکٹر ڈاکٹر گوہر،عمران دانش بھی موجود تھے۔

ندیم افضل چن نے کہا کہ حکومت سندھ کی طرف سے سرگودھا میں قائم کئے جانے والے سندھ انسٹیٹیوٹ آف یورولوجی اینڈ ٹرانسپلانٹیشن ہسپتال میں مریضوں کوعلاج معالجہ، آپریشنز، ادویات، ڈائیلیسز اور دیگرجدید طبی سہولیات مفت فراہم کی جائیں گی اور کسی بھی قسم کا کیش کاؤنٹر نہیں ہوگا۔ اس اقدام سے پاکستان میں صحت کے شعبے میں ایک منفرد مثال قائم ہوگی جوعالمی معیار کی طبی سہولیات سے ہم آہنگ ہے۔انہوں نے کہا کہ ایس آئی یو ٹی نے سندھ میں لاکھوں مریضوں کو نئی زندگی دی ہےاور اب یہی سہولت سرگودھا میں بھی فراہم کی جا رہی ہے۔

- Advertisement -

انہوں نے کہا کہ یہ ہسپتال دراصل بلاول بھٹو زرداری کے وژن کا عکس ہے جس کے تحت عام شہریوں کو بغیر مالی بوجھ کے صحت کی بہترین سہولتیں میسر آ سکیں گی۔انہوں نے مزید کہا کہ SIUT کاعوامی خدمت کا یہ سفر آنے والے وقتوں میں پاکستان کو صحت کے میدان میں ایک نئی پہچان دے گا۔ندیم افضل چن نے کہا کہ سرگودھا میں بننے والا یہ ہسپتال ایک نعمت اور ہزاروں خاندانوں کے لیے زندگی کا سہارا ثابت ہوگا۔اس موقع پر سندھ سے آئی میڈیکل ٹیم نے مجوزہ ہسپتال کی تعمیر کی جگہ کے انتخاب کے لئے شہر کے مختلف مقامات کا دورہ کیا۔

- Advertisement -
متعلقہ خبریں
- Advertisment -

مقبول خبریں