23.8 C
Islamabad
منگل, مئی 6, 2025
ہومعلاقائی خبریںسرگودھا ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کی جانب سے ناقص کارکردگی پرمختلف کنٹریکٹرز کو...

سرگودھا ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کی جانب سے ناقص کارکردگی پرمختلف کنٹریکٹرز کو مجموعی طورپر 2 کروڑ 70لاکھ روپے سے زائد جرمانے عائد

- Advertisement -

سرگودھا ۔ 05 مئی (اے پی پی):سرگودھا ویسٹ مینجمنٹ کمپنی نے ستھرا پنجاب پروگرام کے تحت صفائی کے ناقص انتظامات ، معاہدے کی خلاف ورزیوں ، فیلڈ میں عملے کی غیر حاضریوں اور دیگر بے ضا بطگیوں پر ڈویژن بھر کی مختلف تحصیلوں میں کام کرنے والے کنٹریکٹر زپر مجموعی طورپر 2 کروڑ 70لاکھ روپے سے زائد جرمانے عائد کر دیئے ہیں ۔ یہ انکشاف کمشنرسرگودھا ڈویژن جہانزیب اعوان کی زیر صدارت منعقدہ اجلاس میں کیا گیا ،جس میں ستھراء پنجاب پروگرام اور صاف پانی کی فراہمی سے متعلق منصوبوں پر پیش رفت کا تفصیلی جائزہ لیا گیا ۔ اجلاس میں چاروں اضلاع کے ڈپٹی کمشنرز ، سی ای او ایس ڈبلیو ایم سی رانا شاہد عمران او رمتعلقہ افسران شریک ہوئے ۔ اجلاس کو بتایاگیا کہ کمپنی کی جانب سے ستھرا پنجاب کی مانیٹرنگ کے دوران متعدد کنٹریکٹرز کی طرف سے معاہدے کی 23 مختلف شقوں کی سنگین خلاف ورزیاں سامنے آئیں ،ان خلاف ورزیوں میں عملے کی فیلڈ میں غیر حاضری ، بغیر یونیفارم وکررز کی موجودگی ، صفائی میں کوتاہی ، کچرے کے ڈھیروں ، بروقت کوڑا کرکٹ نہ اٹھانا اور عوامی شکایات کے حل میں تاخیر شامل ہے ۔

اجلاس کو بتایاگیا کہ تحصیل سرگودھا میں کنٹریکٹر کو 26لاکھ 89ہزار روپے ، ساہیوال میں19 لاکھ 64ہزار روپے ، شاہ پور میں 10 لاکھ 38 ہزار بھلوال میں 28 لاکھ 3ہزار روپے ، کوٹمومن میں 10 لاکھ 33ہزار روپے ، بھیرہ میں 10لاکھ 16ہزار ، سلانوالی میں 12لاکھ 96 ہزار روپے کنٹریکٹر کو پلنٹی ڈالی گئی ہے ۔ اس طرح تحصیل خوشاب میں 18 لاکھ 31ہزار ، نوشہرہ میں 4ہزار 7سو ، قائد آباد میں 8لاکھ 48ہزار رو پے اور نور پور تھل میں 27لاکھ 86ہزار پلنٹی ڈالی گئی ہے ۔ کمشنر کو مزید بتایاگیا کہ تحصیل میانوالی میں معاہدے کی شقوں پر عملدرآمد نہ کرنے پر ستھر ا پنجاب پر معمور ٹھیکیدار کو 13لاکھ 77 ہزار روپے ، پپلاں میں 38لاکھ اور عیسی خیل میں 39لاکھ 86 ہزار روپے جبکہ تحصیل بھکر میں 4 لاکھ 57ہزار ، کلور کوٹ 40ہزار ، دریا خان 10 لاکھ 34ہزار اور منکیرہ میں 8لاکھ 3ہزار کی اب تک پلنٹی کا ٹھیکیدار کو سامنا کرنا پڑا ہے ۔ کمشنر جہانزیب اعوان نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ صفائی جیسے بنیادی عوامی مسئلے پر کسی قسم کی کوتاہی یا غفلت برداشت نہیں کی جائیگی ۔

- Advertisement -

انہوں نے چاروں اضلاع کے ڈپٹی کمشنروں کو ہدایت کی کہ ستھرا پنجاب پروگرام کی ہفتہ وار بنیادوں پر مانیٹرنگ کی جائے او رخلا ف ورزی کی صورت میں فوری کارروائی عمل میں لائی جائے ۔ انہوں نے واضح کیاکہ جرمانے کا مقصد مالی سزا نہیں بلکہ کنٹریکٹرز کو ان کی ذمہ داری کا احساس دلانا او ربہتر کارکردگی کی طرف راغب کرنا ہے ۔ کمشنر نے سی ای او کمپنی کو مانیٹرنگ نظام کو مزید سخت او رموثر بنانے کی ہدایت کی ۔ اجلاس میں واٹر سپلائی سکیموں اور فلٹریشن پلانٹس کی موجودہ صورتحال ، بہتری کیلئے اقدامات اور شہریوں کو صاف پانی فراہمی پر تبادلہ خیال بھی کیاگیا ۔اجلاس میں ڈپٹی کمشنر کیپٹن ریٹائرڈ محمد وسیم ، ڈائریکٹر ڈویلپمنٹ بلال حسن ، ڈائریکٹر لوکل گونمنٹ آصف اقبال ملک ، سی ای او ایس ڈبلیو ایم سی راناشاہد عمران اورسی او میونسپل کارپوریشن عمر فاروق کے علاوہ ڈپٹی کمشنر خوشاب فروا عامر ، ڈپٹی کمشنر میانوالی خالد گورائیہ او رڈپٹی کمشنر بھکر محمد اشرف نے ویڈیو لنک کے ذریعے شرکت کی ۔

 

Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=593046

- Advertisement -
متعلقہ خبریں
- Advertisment -

مقبول خبریں