سرگودھا۔2اکتوبر (اے پی پی):سرگودھا چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے نو منتخب عہدیداران نے اپنے عہدوں کا حلف اٹھا لیا۔صدر خواجہ یاسر قیوم،سنیئرنائب صدرمحمد عمران، نائب صدر حسن سلطان کھرل سمیت دیگرعہدیداران نےاپنے عہدوں کا حلف اٹھالیا۔حلف برداری کی تقریب میں چیمبر آف کامرس کے سابق عہدیداران اور ممبران نے شرکت کی۔سرگودھا چیمبر کے نو منتخب صدر خواجہ محمد یاسر قیوم، سینئر نائب صدر میاں محمد عمران اور نائب صدر ڈاکٹر حسن کھرل نے کہا ہے کہ وہ سرگودھا چیمبر آف کامرس کے تمام ممبران اور فاؤنڈر گروپ کے قائدین کے مشکور ہیں جنہوں نے ان پر اعتماد کا اظہار کیا ہے۔ان کی کوشش ہوگی کہ سرگودھا جوکہ کنو کی پیداوار کے حوالہ سے دنیا بھر میں اپنا ثانی نہیں رکھتا کنو سے متعلقہ مسائل کو ترجیح بنیادوں پر حل کیا جائے اسی طرح سرگودھا کی بیکو لائٹ انڈسٹری کے مسائل حل کرنے کیلئے کوئی کسرنہیں چھوڑیں گے۔
خواجہ یاسر قیوم،میاں محمد عمران اور ڈاکٹر حسن کھرل نے کہا کہ سرگودھا میں ہینڈی کرافٹ کو فروغ دینے کےساتھ ساتھ نئے انڈسٹریل زون کے قیام کےلئے بھی اپنی کوششیں جاری رکھیں گے جہاں تک سرگودھا کے تاجروں کے مسائل ہیں وہ بھی اسی پلیٹ فارم سے حل کرنے کےلئے اپنی تمام صلاحیتیں بروئے کار لائیں گے کیونکہ سرگودھا کے صنعتکاروں اورتاجروں کا اعتماد ہمارے لئے مشعل راہ ہے اور ان کو مایوس نہیں کریں گے۔ اس موقع پر عثمان عتیق،نعیم سرور بسراء، فیصل شیخ،خواجہ عابد رفیق، میاں ماجد اور دیگر نے بھی نومنتخب عہدیداران کو مبارکباد دی اور پھولوں کےگلدستے پیش کئے۔