اسلام آباد۔4اگست (اے پی پی):نیشنل رورل سپورٹ پروگرام (این آر ایس پی) اور یونیورسٹی آف سرگودھا نے سرگودھا میں خصوصی ٹیکنالوجی پارک کے قیام کے لیے مفاہمت کی یادداشت پر دستخط کیے ہیں۔
مفاہمت کی یادداشت پر دستخط این آر ایس پی کے سی ای او ڈاکٹر راشد باجوہ اور سرگودھا یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر قیصر عباس نے نتھیا گلی میں یونیورسٹی آف سرگودھا کے زیر اہتمام دوسری "تعلیم کا مستقبل” کانفرنس کے دوران دستخط کیے۔
دستخط کی تقریب میں ہائیر ایجوکیشن کمیشن (ایچ ای سی) کے سابق چیئرمین پروفیسر ڈاکٹر مختار احمد، مختلف یونیورسٹیوں کے وائس چانسلرز، فیکلٹی ہیڈز، این آر ایس پی کے ریجنل جنرل منیجر سرگودھا غلام رسول، این آر ایس پی کے سینئر پروگرام منیجر طاہر وقار، چیف بزنس ڈویلپمنٹ ابرار انجم، سابق سیکرٹری سلیم رانجھا، اور کئی دیگر معزز شخصیات نے شرکت کی۔پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کے تحت مکمل ہونے والا یہ پروجیکٹ ایک خصوصی ٹیکنالوجی زون کے قیام کے لیے مشترکہ کوششوں پر مرکوز ہے۔
یہ زون مقامی کمیونٹی، طلباء، فیکلٹی، محققین اور جامعہ کی وسیع تر انتظامیہ کو انفارمیشن ٹیکنالوجی کے شعبے میں مشغول ہونے کے وسیع مواقع فراہم کرے گا۔این آر ایس پی اور سرگودھا یونیورسٹی کا مقصد ایک مشترکہ منصوبہ "سرگودھا ٹیکنالوجی پارک” بنانا ہے جو یونیورسٹی آف سرگودھا اور سرگودھا ڈویژن کے ملحقہ اضلاع کے آئی ٹی گریجویٹس کے لیے روزگار کے مواقع بھی فراہم کرے گا۔ اس پلیٹ فارم کے ذریعے طلباء کو انٹرنشپ، تحقیقی پروجیکٹس اورسٹارٹ اپ اقدامات میں حصہ لینے کا موقع ملے گا جس سے وہ روزگار کے بہتر مواقع حاصل کر سکیں گے۔
اپنے خطاب میں این آر ایس پی کے سربراہ ڈاکٹر راشد باجوہ نے سرگودھا میں ایک خصوصی ٹیکنالوجی زون کے قیام کے لیے تنظیم کے عزم کو اجاگر کیا تاکہ مقامی آئی ٹی ماہرین، ڈیجیٹل کاروباری افراد، طلباء، فیکلٹی ممبران اور آئی ٹی فرمز کے لیے مواقع پیدا کیے جا سکیں۔ یہ مشترکہ منصوبہ سرگودھا اور اس کے آس پاس کے اضلاع کے نوجوانوں کے لیے ایک بہترین پلیٹ فارم کے طور پر کام کرے گا جو تیز رفتار انٹرنیٹ کنیکٹیویٹی سمیت تمام متعلقہ سہولیات فراہم کرے گا۔ڈاکٹر باجوہ نے کہا کہ سرگودھا میں سپیشل ٹیکنالوجی زون کو 90,000 مربع فٹ کی ایک وسیع عمارت میں رکھا جائے گا جس میں اضافی 10 ایکڑ اراضی کو ٹیک زون کے طور پر نامزد کیا جائے گا۔
سرگودھا یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر قیصر عباس نے کہا کہ یہ تعاون یونیورسٹی کی فیکلٹی، طلباء، این آر ایس پی کے عملے اور کمیونٹی ورکرز کو ورکشاپس، ٹریننگ سیشنز، سیمینارز اور اسی طرح کی تقریبات میں شرکت کے مواقع فراہم کرے گا۔ انہوں نے کہا کہ تحقیق کو فروغ دینے کے لیے تجربات کو ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعے لیکچرز شیئر کیئے جائیں گے۔ اس مشترکہ منصوبے کا بنیادی مقصد دیہی آبادی بالخصوص نوجوانوں کے لیے آئی ٹی کی مہارتوں کو بڑھانا ہے۔
اس مقصد کے لیے سرگودھا یونیورسٹی ڈپلومہ کورسز کرائے گی۔قومی اور بین الاقوامی آئی ٹی ٹیک کمپنیوں کو خصوصی ٹیکنالوجی پارک میں سرمایہ کاری اور کام کرنے کی ترغیب دی جائے گی۔ سرگودھا ٹیک زون میں ٹیک کمپنیوں اور نوجوانوں کے لیے انکیوبیشن سینٹرز، سولر پینلز، الیکٹرک بائیک ہب موٹرز اور چارج کنٹرولرز بنانے کی سہولتیں قائم کی جائیں گی۔
ایچ ای سی کے سابق چیئرمین پروفیسر ڈاکٹر مختار احمد نے اس پراجیکٹ کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ سرگودھا جیسے چھوٹے شہروں کو بڑے شہروں کے برابر لانا اور مقامی نوجوانوں کو ترقی کے مواقع فراہم کرنا ایک قابل تحسین کاوش ہے۔ انہوں نے نوجوان نسل کو مواقع فراہم کرنے میں این آر ایس پی اور سرگودھا یونیورسٹی کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ نوجوان صحیح مواقع سے ملک کی تقدیر بدل سکتے ہیں۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=490536