31.4 C
Islamabad
ہفتہ, مئی 31, 2025
ہومقومی خبریںسرگودھا یونیورسٹی اور سینٹرل ایشیا ریجنل اکنامک کوآپریشن انسٹیٹیوٹ کے درمیان پانچ...

سرگودھا یونیورسٹی اور سینٹرل ایشیا ریجنل اکنامک کوآپریشن انسٹیٹیوٹ کے درمیان پانچ سالہ ایم او یوپر دستخط

- Advertisement -

اسلام آباد۔30مئی (اے پی پی):یونیورسٹی آف سرگودھا اور سینٹرل ایشیا ریجنل اکنامک کوآپریشن انسٹیٹیوٹ کے درمیان پانچ سالہ ایم او یوپر دستخط کیے گئے، جس کا مقصد کیریک خطے میں علمی اور پالیسی تعاون کو فروغ دینا ہے۔جمعہ کو کاریک انسٹیٹیوٹ سالانہ ریسرچ کانفرنس میں یہ معاہدہ کیریک انسٹیٹیوٹ کے ڈائریکٹر چری محمد شالیئیف اور وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر قیصر عباس کے درمیان طے پایا، جس میں خطے میں علمی تبادلے اور اقتصادی تعاون کے فروغ کے لیے مشترکہ وژن پر زور دیا گیا۔

- Advertisement -

تقریب کی صدارت وفاقی وزیر برائے بورڈ آف انویسٹمنٹ قیصر احمد شیخ، اور ہائر ایجوکیشن کمیشن کے چیئرمین پروفیسر ڈاکٹر مختار احمد، نے کی۔ اس معاہدے کا مقصد تحقیق، استعداد کار میں اضافے اور پالیسی سازی میں مشترکہ مہارت کو بروئے کار لا کر مشترکہ خوشحالی اور علاقائی انضمام کو فروغ دینا ہے۔تعاون کے کلیدی شعبوں میں شامل ہیں۔ڈیجیٹل معیشت اور پائیدار ترقی پر مشترکہ مطالعات،بین الاقوامی کانفرنسز اور ویب نارز کا انعقاد،اساتذہ کے تبادلے کے پروگرام ،کیریک انسٹیٹیوٹ میں طلبہ کی انٹرن شپس اور پالیسی بریفز کی مشترکہ اشاعت ہے ۔

اس شراکت داری کے تحت ڈیٹا شیئرنگ کو فروغ دیا جائے گا اور کیریک کے 11 رکن ممالک جن میں افغانستان، چین، پاکستان اور وسطی ایشیائی ریاستیں شامل ہیں کے درمیان تحقیقاتی ڈیٹا بیس تک رسائی میں وسعت پیدا کی جائے گی۔اس موقع پر وفاقی وزیر برائے سرمایہ کاری، قیصر احمد شیخ نے کہا کہ پاکستان میں بے پناہ صلاحیت موجود ہے جسے بصیرت افروز اصلاحات اور مضبوط سرمایہ کار معاونت کے ذریعے بروئے کار لایا جا سکتا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ حکومت اندرونی اور بیرونی سرمایہ کاری کو فروغ دینے، اور تجارتی ضوابط کو آسان بنانے کے لیے ہر ممکن اقدامات کر رہی ہے۔

انہوں نے اسپیشل اکنامک زونز (سیز) میں دستیاب مراعات جیسے درآمدی مشینری پر صفر ڈیوٹی اور 10 سالہ انکم ٹیکس چھوٹ سے بھرپور فائدہ اٹھانے پر زور دیا ۔ چیئرمین ہائر ایجوکیشن کمیشن، پروفیسر ڈاکٹر مختار احمد نے پاکستان میں بین الاقوامی کانفرنس کے انعقاد پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان ایک محفوظ، پرامن اور مہمان نواز ملک ہے، اور اس طرح کی تقریبات ہمارے ملک کے بارے میں پائے جانے والے منفی تاثر کو زائل کرنے میں مددگار ثابت ہوتی ہیں۔

بین الاقوامی اسکالرز اور وفود کا خیر مقدم ہمارے حقیقی تشخص کو دنیا کے سامنے لانے کا مؤثر ذریعہ ہے۔پروفیسر ڈاکٹر قیصر عباس نے کہاکہ کیریک انسٹیٹیوٹ کے ساتھ اشتراک سے ہم تحقیق میں تعاون، علم کے تبادلے اور شواہد پر مبنی پالیسی سازی کو فروغ دے کر کیریک خطے میں پائیدار ترقی اور اقتصادی انضمام کے عمل میں فعال کردار ادا کریں گے۔

Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=603184

- Advertisement -
متعلقہ خبریں
- Advertisment -

مقبول خبریں