سرگودھا۔8فروری (اے پی پی):سرگودھا یونیورسٹی میں خواتین کے حق ملکیت اور جائے ملازمت پر انھیں ہراساں کیے جانے کے موضوع پر سیمینار کا انعقاد کیا گیا۔ کوالٹی انہانسمنٹ سیل کے زیر اہتمام منعقدہ سیمینار میں خاتون محتسب پنجاب نبیلہ حاکم علی خان، وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر محمد سلیم مظہر، پرنسپل لا کالج ڈاکٹر عاتکہ لوہانی، خواتین اساتذہ اور طالبات کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔
محتسب نبیلہ حاکم علی خان نے سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے طالبات اور ملازمت پیشہ خواتین کو پیش آنے والی مشکلات اور خواتین کو وراثت سے محروم رکھنے کے واقعات بارے گفتگو کی۔
انہوں نے وفاقی و صوبائی سطح پر خواتین کے حقوق اور عزت کو محفوظ بنانے کے لئے کی جانے والی قانون سازی اور اقدامات پر روشنی ڈالی۔نبیلہ حاکم علی خان نے کہا کہ جائے ملازمت پر خواتین کو چھیڑنا، گھورنا، آوازیں کسنا، کالی یا میسجز پر تنگ کرنا، اخلاقیات سے گری ہوئی حرکت یا گفتگو کرنا ہراسمنٹ کے زمرے میں آتا ہے۔ان کا کہنا تھا کہ خواتین کو ہراساں کرنے والے ملازم کی ترقی روکنے کے علاوہ تنزلی کی جا سکتی ہے، نیزملازمت سے برخاست کیا جا سکتا ہے اور سزا بھی دی جا سکتی ہے۔
محتسب پنجاب نے کہا کہ جہاں بھی خواتین کام کرتی ہیں وہاں کام کا ضابطہ واضح جگہ پہ لگا ہونا چاہیے اور ان پہ عمل درآمد ادارے کی ذمہ داری ہے، ہماری کوشش ہے کہ خواتین کے لئے ملازمت کا محفوظ ماحول یقینی بنایا جائے۔
انہوں نے کہا کہ خواتین کو جائز شرعی وراثتی حقوق دلوانا ہماری زمہ داری ہے، اگر کسی خاتون کو خاندان والے وراثت سے حصہ نہیں دے رہے یا اس کے حق پر قبضہ کر رکھا ہے تو ان کے خلاف خاتون کی طرف سے خاتون محتسب میں دی گئی درخواست پر فوری کارروائی اور 60 دن کے اندر فیصلہ سنایا جائے گا۔
وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر محمد سلیم مظہر نے کہا کہ خواتین کا احترام ہم سب کا اخلاقی، مذہبی اور سماجی فریضہ ہے، معاشرے کی ترقی کے لئے خواتین کو با اختیار بنانے کے علاوہ لڑکیوں کی پیدائش اور خواتین کے حقوق کے متعلق امتیازی رویے کو تبدیل کرنے کی ضرورت ہے۔
انھوں نے کہا کہ مثالی معاشرے کے قیام کے لئے اعلیٰ اقدار اور اوصاف اپنانے ہوں گے، سرگودھا یونیورسٹی کو بہترین، محفوظ اور معیاری تعلیمی و تدریسی ادارہ بنانے کے لئے ہر پل کوشاں ہیں۔
ڈاکٹر عاتکہ لوہانی نے کہا کہ خواتین کو محفوظ با عزت روزگار کے مواقع دیے بغیر ترقی کا خواب شرمندہ تعبیر نہیں ہو سکتا، لڑکیوں کو بھی اپنے خوابوں کی تکمیل کیلئے اسی طرح اعتماد اور حوصلہ دینے کی ضرورت ہے جس طرح لڑکوں کو دیا جاتا ہے۔
اس موقع پر یونیورسٹی کے سینئر اساتذہ چیئرمین شعبہ سوشیالوجی وکرمنالوجی پروفیسر ڈاکٹر غلام یاسین، ڈائریکٹر کوالٹی انہانسمنٹ سیل پروفیسر ڈاکٹر سائرہ اظہر،ریذیڈنٹ آفیسر فہیم ارشد و دیگر انتظامی افسران بھی موجود تھے۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=294515