سرگودھا۔ 09 دسمبر (اے پی پی):سرگودھا یونیورسٹی میں پیپلز سوشل ویلفیئر سوسائٹی سرگودھا کے زیر اہتمام چھٹے سالانہ ڈویژنل سوشل کنونشن اور وحید انجم ایوارڈ سرٹیفکیٹ تقسیم کی تقریب فارمیسی ہال میں منعقد ہوئی۔تقریب کے مہمان خصوصی ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر محمد عمر فاروق اور سابق ڈویژنل ڈائریکٹر سوشل ویلفیئر ڈیپارٹمنٹ محمد حسین گوندل تھے۔ تقریب میں دکھی انسانیت کی خدمت کرنے والی این جی اوز کے سوشل ورکرز کے علاوہ دیگر شعبوں میں نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے افراد میں ایوارڈز وسرٹیفکیٹ تقسیم کئے گئے۔
اس موقع پر ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر محمد عمر فاروق، سابق ڈویژنل ڈائریکٹر محکمہ سوشل ویلفیئر محمد حسین گوندل،چیئرمین ڈسٹرکٹ کوارڈینیشن کونسل آف این جی اوز سینئر صحافی عبدالمنان چوہدری،سوشل ویلفیئر آفیسر انچارج صنعت زار محمد یار گوندل،سابق صدر پریس کلب عبدالحنان چوہدری اوردیگرمقررین نے کہا کہ دکھی انسانیت کی خدمت سے بڑھ کر کوئی عمل نہیں ہو سکتا۔انہوں نے کہا کہ عبدالوحید انجم مرحوم نے اپنی زندگی انسانیت کے لیے وقف کر رکھی تھی۔
غریب ،نادار اور بے سہارا لوگوں کے لیے دن رات کام کرنے والے سوشل ورکرز قوم کا اثاثہ ہیں۔ کنونشن میں طلبہ کے علاوہ سرگودھا ڈویژن کی این جی اوز کے نمائندوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔