سرگودہا۔ 26 اپریل (اے پی پی):کمشنر سرگودہا جہانزیب اعوان کی ہدایت پر کنٹرولر امتحانات نے میڑک کے جاری پریکٹیکل امتحانات کے لیے نئی گائیڈ لائنز جاری کر دی ہیں۔ جس کے مطابق پریکٹیکل یا تھیوری پارٹ ون و ٹوکے تمام امیدوار جنرل امتحان کی طرح الگ الگ کرسی پر ایک بچہ بٹھا کر لیا جائے گا اور اس پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا۔ امیدوارکھڑے یا گروپ کی صورت میں نہیں ہوں گے، پریکٹیکل کا سامان صرف نکال کر رکھا نہیں جائے گا، بلکہ بچے عملی طور پر پریکٹیکل کریں گے۔
لیبارٹری میں موجود تمام چارٹس اتار دیئے جائیں یا ڈھانپ دیئے جائیں۔ بچوں کو نمبرز ان کی کارکردگی کے مطابق دیئے جائیں۔ اگر کسی جگہ پر سفارش سے نمبر دیئے جانے کی اطلاع ملی تو نگران عملہ کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔ پریکٹیکل میں شامل نہم میں فیل ہونے والے یا بہت کم نمبر حاصل کرنے والے امیدواروں کو اچھی طرح جانچ کر نمبر دیئے جائیں ،مزید پریکٹیکل میں تمام امیدواروں کو دیے گئے نمبرزکا تجزیہ کیا جائے گا اور کسی بڑی بےقاعدگی کی صورت میں ایگزامینر کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔
چاروں اضلاع کے ڈپٹی کمشنرز سمیت دیگر انتظامی افسران روزانہ کی بنیاد پر امتحانی مراکز کے دورے کرکے جاری ہدایات پر عمل درآمد کو یقینی بنائیں گے۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=588183