سرگودہا بورڈ آف انٹرمیڈیٹ اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن کے بورڈ آف گورنرز کے اجلاس کا انعقاد،2 ارب سے زائد کا بجٹ منظور

2

سرگودھا۔ 26 جون (اے پی پی):چیئرمین بورڈ و کمشنر سرگودہا ڈویژن جہانزیب اعوان کی زیر صدارت بورڈ آف انٹرمیڈیٹ اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن سرگودہا کے بورڈ آف گورنرز کا اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں مالی سال 2025-26 کے سالانہ بجٹ کی باقاعدہ منظوری دی گئی۔ اجلاس میں سیکرٹری بورڈ ابو الحسن نقوی نے بجٹ پر تفصیلی بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ سرگودہا بورڈ کا مجوزہ بجٹ 2 ارب 15 کروڑ روپے ہے جبکہ تخمینہ اخراجات 2 ارب7 کروڑ روپےہیں۔بجٹ میں تنخواہوں کی مد میں 61 کروڑ 90 لاکھ روپے اور پنشن کی مد میں 27 کروڑ روپے مختص کیے گئے ہیں، جب کہ باقی بجٹ ترقیاتی منصوبہ جات، آئی ٹی انفراسٹرکچر کی بہتری، امتحانی نظام کی اصلاحات اور دیگر انتظامی امور کے لیے رکھا گیا ہے۔

اجلاس میں ایڈیشنل سیکرٹری ہائر ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ نعمان جمیل، ڈپٹی سیکرٹری فنانس رافعہ قیوم، کنٹرولر امتحانات ریاض قدیر بھٹی ، ڈائریکٹرکالجز نائید ناز اور بی او جی کے دیگر ممبران نے شرکت کی۔ شرکاء نے پیش کردہ بجٹ کو متوازن، حقیقت پسندانہ اور اصلاحات پر مبنی قرار دیا، جو بورڈ کی کارکردگی کو مزید شفاف اور مؤثر بنانے میں معاون ہوگا۔ چیئرمین بورڈ جہانزیب اعوان نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ یہ بجٹ طلبہ و طالبات کے لیے سہولیات کی فراہمی، عملے کی فلاح و بہبود، اور ادارہ جاتی نظم و ضبط کو مزید مستحکم کرنے میں کلیدی کردار ادا کرے گا۔

ہماری کوشش ہے کہ سرگودہا بورڈ کو شفافیت، میرٹ اور تعلیمی ترقی کا مثالی ادارہ بنایا جائے۔ اجلاس میں حکومت پنجاب کی جانب سے تنخواہوں اور پنشن میں حالیہ اضافے کو بھی بجٹ میں شامل کیا گیا۔ علاوہ ازیں گزشتہ مالی سال 2024-25 کے اخراجات کی تفصیلات بھی پیش کی گئیں۔ بورڈ آف گورنرز کے اجلاس میں مجموعی طور پر 16 ایجنڈا آئٹمز منظوری کے لیے پیش کی گئیں، جنہیں اتفاق رائے سے منظور کر لیا گیا۔ ایک ایجنڈا آئٹم کو تفصیلی جائزے کے بعد آئندہ اجلاس تک مؤخر کر دیا گیا۔ بعدازاں کمشنر جہانزیب اعوان نے امتحانی نظام کی شفاف کارکردگی پر ڈویژن کے چاروں اضلاع کے ڈپٹی ڈائریکٹرز کالجز، سی ای اوز ایجوکیشن، بورڈ کے افسران و عملہ کو یادگاری شیلڈز سے نوازا۔