سرگودہا ۔ 30 اگست (اے پی پی):پاکستان پیپلزپارٹی کے مرکزی سیکرٹری اطلاعات ندیم افضل چن نے سندھ انسٹی ٹیوٹ آف یورولوجی اینڈ ٹرانسپلانٹیشن ( ایس آئی یو ٹی ) کراچی سے آئی ہوئی میڈیکل ٹیم کو خوش آمدید کہا اور سرگودہا میں مجوزہ ہسپتال کے قیام کے لیے مختلف مقامات کا دورہ کروایا۔ اس موقع پر پراجیکٹ ڈائریکٹر ڈاکٹر گوہر، عمران دانش اور دیگر ماہرین بھی موجود تھے۔
ندیم افضل چن نے کہا کہ چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کے وژن کے تحت سرگودہا میں جدید طرزِِعلاج سے مزین ایس آئی یو ٹی ہسپتال کی بنیاد رکھنا صحت کے شعبے میں ایک انقلاب کی شروعات ہے۔ یہ منصوبہ نہ صرف سرگودہا بلکہ منڈی بہائوالدین، جہلم اور گردونواح کے لاکھوں افراد کے لیے امید کی کرن ثابت ہوگا۔ اس ہسپتال کی سب سے نمایاں خصوصیت یہ ہوگی کہ یہاں مریضوں کو علاج معالجہ، آپریشنز، ادویات، ڈائیلیسز اور دیگر جدید سہولیات بالکل مفت فراہم کی جائیں گی اور کسی بھی قسم کا کیش کاؤنٹر نہیں ہوگا۔
اس اقدام سے پاکستان میں صحت کے شعبے میں ایک منفرد مثال قائم ہوگی جو عالمی معیار کے فلاحی ماڈل سے ہم آہنگ ہے۔ ندیم افضل چن نے کہا کہ سندھ میں ایس آئی یو ٹی نے علاج کے فلاحی ماڈل کے ذریعے لاکھوں مریضوں کو نئی زندگی دی اور اب یہی سہولت پنجاب میں بھی فراہم کی جا رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ یہ ہسپتال دراصل بلاول بھٹو زرداری کے اس وژن کا عکس ہے جس کے تحت عام شہری کو بغیر مالی بوجھ کے صحت کی بہترین سہولیات میسر آ سکیں گی۔ انہوں نے کہا کہ ایس آئی یو ٹی ٹیم کی کاوشیں اور عوامی خدمت کا یہ سفر آنے والے وقتوں میں پاکستان کو صحت کے میدان میں ایک نئی پہچان دیں گے۔