سرگودہا۔16نومبر (اے پی پی):نگران وزیر اعلیٰ پنجاب محسن نقوی کے صفائی پروگرام’’اب گاؤں چمکیں گے‘‘ کے دوسرے مرحلے میں سرگودہا کے چک نمبر 71 شمالی میں آگاہی نشست کا اہتمام کیا گیا، جس کی میزبانی سابق صدر انجمن ِنمبرداران بابر اعظم فاروقی نے کی۔ بابر اعظم فاروقی کے ڈیرے پر منعقدہ نشست سے ڈپٹی ڈائریکٹر لوکل گورنمنٹ سرگودہا بابر شہزادرانجھاء، اسسٹنٹ کمشنر سرگودہا آمنہ احسان اور دیگر نے بھی خطاب کیا۔
نشست میں مقامی کمیٹی کے عہدیداران اور دیگر افراد کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ اس موقع پر حکومتی نمائندوں نےکہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب کا یہ پروگرام خصوصی طور پر دیہات کی صفائی یقینی بنانے کے لیے شروع کیا گیا ہے،اس پروگرام کی کامیابی کے لیے مقامی مردو خواتین کی شرکت بہت ضروری ہے تاکہ شہری خود بھی صفائی کو یقینی بنائیں۔
انہوں نے کہا کہ پنجاب حکومت کے دیہاتوں کی صفائی کے اس انقلابی پروگرام کی مانیٹرنگ کے لیے ہر گاؤں میں کمیٹی قائم کی گئی ہے جو حکومتی ٹیم کی معاونت بھی کرے گی۔ یونین کونسل نمبر 76 کے سیکرٹری نے ’’اب گاؤں چمکیں گے‘‘ پروگرام کے پہلے مرحلہ میں کیے گئے اقدامات بارے بریفنگ دیتے ہوئے دوسرے مرحلے کے لیے مقرر کردہ اہداف سے آگاہ کیا۔ انہوں نے بتایا کہ صفائی کا یہ پروگرام مستقل بنیادوں پر چلانے کے لیے مقامی آبادی کے لیے آگاہی مہم بھی جاری ہے۔