سرگودھا۔ 26 فروری (اے پی پی):وزیر اعلی پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایت پر سرگودہا ڈویژن کے چاروں اضلاع کے ماڈل بازاروں میں رمضان سہولت سٹالز قائم کر دیئے گئے ہیں۔ کمشنر سرگودہا ڈویژن جہانزیب اعوان نے ڈپٹی کمشنر کیپٹن ریٹائرڈ محمد وسیم کے ہمراہ سرگودہا کے یونیورسٹی روڈ پر واقع ماڈل بازار میں قائم رمضان سہولت سٹالز کا معائینہ کیا۔
انہوں نے اشیائے خوردونوش کی کوالٹی اور صارفین کے لیے دیگر سہولیات کا جائزہ لیا۔ انہوں نے خریداروں سے ملاقات کرکے اشیائے خوردونوش کی کوالٹی اور قیمتوں بارے آگاہی لی۔ اس موقع پر بتایا گیا کہ رمضان سہولت بازاروں میں اشیائے ضروریہ عام مارکیٹ سے سستے نرخوں پر دستیاب ہیں۔
کمشنر نے تمام سہولت سٹالز پر اشیائے ضروریہ کا وافر سٹاک صبح سے شام تک رکھنے کی ہدایت کی۔ انہوں نے رمضان بازار کی سیکورٹی اور صفائی سمیت دیگر تمام تر انتظامات یقینی بنانے کی بھی ہدایت کی۔