سرینگر میں پاکستان سے اظہار تشکر کے پوسٹرز چسپاں

129
Kashmir Solidarity Day
Kashmir Solidarity Day

سرینگر۔4فروری (اے پی پی):بھارت کے غیر قانونی طور پرزیر قبضہ جموں و کشمیر کے مختلف علاقوں میں پوسٹر چسپاں کئے گئے ہیں جن میں کل یوم یکجہتی کشمیر منانے پر پاکستان کی حکومت اور عوام کا شکریہ ادا کیاگیاہے۔کشمیر میڈیا سروس کے مطابق سرینگر سمیت وادی کشمیر کے متعدد حصوں میں پاکستان کے سبز ہلالی پرچم والے پوسٹر چسپاں کئے گئے ۔ پوسٹروں میں کشمیریوں کے مقدمہ کو بین الاقوامی فورموں پر موثر انداز میں پیش کرنے پر پاکستانی عوام کا شکریہ ادا کیا گیاہے۔

مقبوضہ کشمیر میں یہ پوسٹرز یوم یکجہتی کشمیر سے قبل آویزاں کیے گئے تھے، جو ہر سال 5 فروری کو پاکستان ،آزاد کشمیراور بیرون ملک میں منایا جاتا ہے ۔ یہ دن منانے کا مقصد مقبوضہ کشمیرمیں جاری بھارتی ریاستی دہشت گردی کے شکار کشمیریوں کے ساتھ اظہار یکجہتی کرنا ہے ۔ پوسٹروں کے ذریعے کشمیری عوام نے بھارتی ظلم و تشدداورغیر قانونی تسلط سے آزادی کی جدوجہد جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیاہے۔یوم یکجہتی کشمیر پہلی بار 5فروری 1990کو منایا گیاتھا جب پاکستان کی تمام سیاسی قیادت نے متفقہ طور پر مقبوضہ کشمیرکے عوام کے ساتھ اظہار یکجہتی کیاتھا۔