کولمبو۔18نومبر (اے پی پی):سری لنکا اورنیوزی لینڈکی کرکٹ ٹیموں کے درمیان تین ایک روزہ بین الاقوامی میچوں پر مشتمل سیریز کا تیسرا اور آخری میچ کل (منگل کو) پالے کیلی انٹرنیشنل کرکٹ سٹیڈیم، پالے کیلی میں کھیلا جائے گا۔آئی لینڈرز کو نیوزی لینڈ کے خلاف تین ون ڈے میچوں کی سیریز میں 0-2 کی فیصلہ کن برتری حاصل ہے۔ سری لنکن کرکٹ ٹیم نے پہلے ون ڈے میچ میں کیوی ٹیم کو 45 رنز سے جبکہ دوسرے میں 3 وکٹوں سے شکست دی تھی۔
اس سے قبل دونوں ٹیموں کے درمیان کھیلی گئی دو ٹی ٹونٹی میچوں کی سیریز 1-1 سے برابری پر ختم ہوگئی تھی۔ میزبان سری لنکا نے پہلے ٹی ٹونٹی میچ میں نیوزی لینڈ کو 4 وکٹوں سے شکست دی تھی تاہم دوسرے ٹی ٹونٹی میچ میں مہمان نیوزی لینڈ نے میزبان سری لنکن ٹیم کو 5 رنز سے نہ صرف شکست دی بلکہ دو میچوں کی سیریز کا اختتام بھی 1-1 سے برابری پر کر دیا۔نیوزی لینڈ کے مردوں کی کرکٹ ٹیم ان دنوں دورہ سری لنکا پر ہے جہاں وہ میزبان ٹیم کے خلاف دو ٹی ٹونٹی میچوں کی سیریز کے علاوہ تین ون ڈے بین الاقوامی میچوں کی سیریز کھیلے گی جس کے دو میچ کھیلے جا چکے ہیں ۔
آئی لینڈرز کو ون ڈے سیریز میں چارتھ اسالنکا لیڈ کریں گے جبکہ نیوزی لینڈ کو مچل سینٹنرلیڈ کریں گے۔ دونوں ٹیموں کے درمیان 3 ون ڈے کرکٹ میچوں کی سیریز کا تیسرا اور آخری ون ڈے میچ 19 نومبر کو پالے کیلی انٹرنیشنل کرکٹ سٹیڈیم، پالے کیلی میں ہی کھیلا جائے گا۔تینوں ون ڈے میچز ڈے اینڈ نائٹ شیڈول ہیں اور فلڈلائٹس کی روشنی میں کھیلے جا رہے ہیں۔