کولمبو۔29جولائی (اے پی پی):سری لنکا اور بھارت کی کرکٹ ٹیموں کے درمیان تین ٹی ٹونٹی بین الاقوامی میچوں پر مشتمل سیریز کا تیسرا اور آخری میچ کل(منگل کو )پالے کیلی انٹرنیشنل کرکٹ سٹیڈیم پالے کیلی میں کھیلا جائے گا، مہمان بھارتی ٹیم کو میزبان سری لنکن ٹیم کے خلاف تین میچوں کی سیریز میں 0-2 کی فیصلہ کن برتری حاصل ہے، بھارت نے پہلے ٹی ٹونٹی میچ میں آئی لینڈرز کو 43 رنز سے شکست دی تھی جبکہ دوسرے میچ میں 7 وکٹوں سے کامیابی حاصل کی۔بھارتی ٹیم ان دنوں سری لنکا میں ہے جہاں وہ اپنے دورہ کے دوران میزبان ٹیم کے خلاف 3 ٹی ٹونٹی میچوں کی سیریز کے علاوہ 3 ایک روزہ بین الاقوامی کرکٹ میچوں کی سیریز بھی کھیلے گی۔
بھارت اور سری لنکا کی ٹیموں کے درمیان 3 ٹی ٹونٹی کرکٹ میچوں کی سیریز کا تیسرا اور آخری میچ30جولائی کو کھیلا جائے گا ۔تینوں ٹی ٹونٹی میچزکے لئے بھارتی ٹیم کی قیادت سوریا کماریادیو کو سونپی گئی ہے جبکہ آئی لینڈرز کو چارتھ اسالنکا لیڈ کر رہے ہیں۔دونوں ٹیموں کے تینوں ٹی ٹونٹی میچز پالے کیلی انٹرنیشنل کرکٹ سٹیڈیم پالے کیلی میں شیڈول ہیں ،اس کے بعد بھارتی ٹیم 3 ون ڈے انٹرنیشنل میچوں کی سیریز کھیلنے کے لئے کولمبو پہنچے گی جس کا پہلا میچ 2 اگست کو آرپریماداسا سٹیڈیم کولمبو،دوسرا ون ڈے میچ 4 اگست کو جبکہ تیسرا اور آخری ون ڈے میچ 7 اگست کو کھیلاجائے گا۔تینوں ون ڈے میچز میں بھارتی ٹیم کو روہت شرما لیڈ کریں گے۔دونوں ٹیموں کے تینوں ایک روزہ میچز آرپریماداسا سٹیڈیم کولمبو میں ہی کھیلے جائیں گے۔