سری لنکا نے ایشیا کپ کے فائنل میں پاکستان کو 23 رنز سے ہرا کر چھٹی بار ٹرافی اپنے نام کر لی

189

دبئی۔11ستمبر (اے پی پی):سری لنکا نے ایشیا کپ کے فائنل میں پاکستان کو 23 رنز سے ہرا کر چھٹی بار ٹرافی اپنے نام کر لی، قومی ٹیم 171 رنز کے ہدف کے تعاقب میں 147 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی، محمد رضوان نے 55 رنز بنائے ، پرامود مدوشان نے 4 اور ونندو ہاسا رنگا نے 3 وکٹیں حاصل کیں ، بھنوکا راجا پکسے کو 45 گیندوں پر 71 رنز کی طوفانی اننگز کھیلنے پر مرد میدان قرار دیا گیا ، اتوار کو دبئی انٹرنیشنل کرکٹ سٹیڈیم میں کھیلے گئے ایشیا کپ کے فائنل میں پاکستان کے کپتان بابر اعظم نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا جو غلط ثابت ہوا، پاکستان ٹیم میں دو تبدیلیاں کی گئیں، عثمان قادر اور حسن علی کی جگہ نسیم شاہ اور شاداب خان کو پلیئنگ الیون کا حصہ بنایا گیا، سری لنکا کی اننگز کا آغاز مایوس کن تھا، پاکستانی باؤلرز کی شاندار بائولنگ کے باعث سری لنکا کی آدھی ٹیم 58 کے مجموعی سکور پر پویلین واپس لوٹ گئی، آئی لینڈرز کو پہلا نقصان 2 کے مجموعی سکور پر اٹھانا پڑا جب کوشال مینڈس بغیر کوئی رن بنائے نسیم شاہ کی گیند پر کلین بولڈ ہو گئے ،

پاتھم نسانکا دوسرے آئوٹ ہونے والے کھلاڑی تھے جو 8 رنز بنا کر حارث رئوف کا نشانہ بن گئے ، دننشکا گوناتھالکا کو بھی حارث رئوف نے ایک رن پر کلین بولڈ کر دیا ، دہننجایا ڈی سلوا 28 رنز بنا کر افتخار احمد کا شکار بنے جبکہ کپتان ڈاسن شاناکا کو شاداب خان نے 2 کے انفرادی سکور پر کلین بولڈ کر دیا ، یہاں ایسا لگ رہا تھا کہ سری لنکن ٹیم 100 سے بھی کم سکور پر آؤٹ ہو جائے گی مگر بھنوکا راجا پکسے نے اس موقع پر دھواں دار بیٹنگ کا مظاہرہ کیا اور 45 گیندوں پر 71 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیل کر اپنی ٹیم کی پوزیشن کو مستحکم کر دیا ، یوں سری لنکا نے مقررہ 20 اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 170 رنز بنائے ، ونندو ہاسا رنگا نے 36 اور چمیکا کرونارتنے نے 14 رنز بنائے ، پاکستان کی طرف سے حارث رئوف نے تین جبکہ نسیم شاہ ، شاداب خان اور افتخار احمد نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی ،

پاکستانی ٹیم مطلوبہ ہدف حاصل کرنے میں ناکام رہی اور پوری ٹیم مقررہ 20 اوورز میں 147 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی ، نائب کپتان محمد رضوان نے ایک اینڈ سے اچھی بیٹنگ کی اور 55 رنز بنائے ، افتخار احمد 32 رنز کے ساتھ دوسرے نمایاں بیٹر رہے ، ان کے علاؤہ کوئی بھی پاکستانی بیٹر سری لنکن بائولنگ کو اعتماد سے نہ کھیل سکا ، کپتان بابر اعظم 5، فخر زمان صفر، محمد نواز 6، خوشدل شاہ 2، آصف علی صفر، شاداب خان 8، حارث رئوف 13، اور نسیم شاہ 4 رنز بنا کر پویلین واپس لوٹ گئے ، سری لنکا کی طرف سے تمام باؤلرز نے عمدہ باؤلنگ کا مظاہرہ کیا ، پرامود مدوشان نے 4، ونندو ہاسا رنگا نے 3 اور چمیکا کرونارتنے نے 2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا ، بھنوکا راجا پکسے کو میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔آخر میں پلیئر آف دی سیریز کا ایوارڈ وانینڈوہسارانگاڈیسلوا ر کو دیا گیا۔