سری لنکا نے بنگلہ دیش کے خلاف دوسرے ٹیسٹ میچ میں اپنی گرفت مضبوط کر لی ،بنگلہ دیش کو اننگز کی شکست سے بچنے کے لیے مزید 96 رنز درکار

2

کولمبو۔27جون (اے پی پی):سری لنکا نے بنگلہ دیش کے خلاف دوسرے ٹیسٹ میچ میں اپنی گرفت مضبوط کر لی ہے۔ بنگلہ دیش کی دوسری اننگز میں 115 رنز پر 6 وکٹیں گر چکی ہیں اور اسے اننگز کی شکست سے بچنے کے لیے مزید 96 رنز درکار ہیں۔

کولمبو میں جاری سیریز کے دوسرے اور آخری ٹیسٹ میچ کے تیسرے دن سری لنکا کی ٹیم اپنی پہلی اننگز میں 211 رنز کی واضح برتری کے ساتھ 458 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی۔ اوپنر پاتھم نسانکا نے شاندار بیٹنگ کرتے ہوئے 158 رنز کی دلکش اننگز کھیلی جس میں 19 چوکے شامل تھے۔

کوسال مینڈس نے 84 رنز کی عمدہ اننگز کھیلی، بدقسمتی سے وہ رن آؤٹ ہو گئے جبکہ کمنڈو مینڈس نے 33 رنز کا اضافہ کیا۔ بنگلہ دیش کی جانب سے تیج الاسلام نے 5 جبکہ نعیم حسن نے 3 وکٹیں حاصل کیں۔ دوسری اننگز میں بنگلہ دیش کی بیٹنگ لائن ایک بار پھر ناکام نظر آئی۔

دن کے اختتام تک 115 رنز پر 6 کھلاڑی پویلین لوٹ چکے ہیں۔ شادمان اسلام 12، انعام الحق 19، مومن الحق 15، کپتان نجم الحسن شانتو 19، مشفق الرحیم 26 اور مہدی حسن میراز 11 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔ لٹن داس 13 رنز کے ساتھ کریز پر موجود ہیں۔

سری لنکا کی جانب سے پرابتھ جے سوریا اور دہننجایا ڈی سلوا نے دو، دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔