پورٹ الزبتھ ۔ 23 فروری (اے پی پی) کوسل پریرا اور اوشادا فرننڈو کی ذمہ دارانہ بیٹنگ کی بدولت سری لنکا نے جنوبی افریقہ کو دوسرے اور آخری کرکٹ ٹیسٹ میچ میں یکطرفہ مقابلے کے بعد 8 وکٹوں سے شکست دے کر سیریز میں 2-0 سے وائٹ واش کر دیا، اس کے ساتھ ہی سری لنکن ٹیم جنوبی افریقہ کی سرزمین پر ٹیسٹ سیریز جیتنے والی پہلی ایشین ٹیم بھی بن گئی ہے، سری لنکن ٹیم نے میچ کے تیسرے روز 197 رنز کا ہدف اپنی دوسری اننگز میں 2 وکٹوں کے نقصان پر پورا کیا، کوسل پریرا اور فرننڈو نے ڈٹ کر پروٹیز باﺅلرز کا مقابلہ کیا اور تیسری وکٹ کی شراکت میں 163ناقابل شکست رنز جوڑ کر ٹیم کو فتح دلائی، کوسل پریرا 84 اور فرننڈو 75 رنز بنا کر ناٹ آﺅٹ رہے، کوسل پریرا میچ اور کوسل مینڈس سیریز کے بہترین کھلاڑی قرار پائے۔ یاد رہے کہ جنوبی افریقن ٹیم اپنی دوسری اننگز میں 128 رنز پر ڈھیر ہو گئی تھی اور اس نے آئی لینڈرز کو فتح کیلئے مجموعی طور پر 197 رنز کا ہدف دیا تھا۔ ہفتہ کو پورٹ الزبتھ ٹیسٹ کے تیسرے روز سری لنکن ٹیم نے 60 رنز 2 کھلاڑی آﺅٹ پر دوسری ادھوری اننگز دوبارہ شروع کی تو اسے فتح کیلئے مزید 137 رنز درکار تھے، فرننڈو 17 اور پریرا 10 رنز کے ساتھ وکٹ پر موجود تھے، دونوں بلے بازوں نے انتہائی شاندار اور ذمہ دارانہ بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے تیسری وکٹ کی شراکت میں 163 رنز جوڑ کر ٹیم کو فتح سے ہمکنار کرایا، پروٹیز باﺅلرز دونوں بلے بازوں کے سامنے بالکل بے بس نظر آئے اور سرتوڑ کوشش کے باوجود وہ تیسرے روز ایک بھی وکٹ نہ لے سکے، کوسل پریرا 84 اور اوشادا فرننڈو 75 رنز بنا کر ناٹ آﺅٹ رہے، کگیسوربادا اور ڈونے اولیوئر نے ایک، ایک وکٹ لی۔