کولمبو۔4اگست (اے پی پی):سری لنکا نے دوسرے ون ڈے میچ میں بھارت کو 32 رنز سے شکست دے کر تین میچوں کی سیریز میں 0-1 کی برتری حاصل کر لی ، بھارتی ٹیم 241 رنز کا ہدف حاصل کرنے میں ناکام رہی اور پوری ٹیم 208 رنز پر ڈھیر ہو گئی، جیفری وینڈرسے نے 6 وکٹیں حاصل کیں ، انہیں مرد میدان قرار دیا گیا ،
اتوار کو آر پریما داسا اسٹیڈیم ، کولمبو میں کھیلے گئے میچ میں سری لنکا نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 50 اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 240 رنز بنائے ، ایوشکا فرنینڈو اور کمندو مینڈس نے 40 ، 40 جبکہ دونتھ ویلالاگے نے 39 اور کوسال مینڈس نے 30 رنز بنائے ،
بھارت کی جانب سے واشنگٹن سندر نے 3 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا ، بھارت کی ٹیم مطلوبہ ہدف حاصل کرنے میں ناکام رہی اور پوری ٹیم 42.2 اوورز میں 208 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی ، کپتان روہیت شرما 64 رنز بنا کر نمایاں رہے ، سری لنکا کے جیفری وینڈرسے نے تباہ کن بائولنگ کا مظاہرہ کیا اور 33 رنز کے عوض 6 وکٹیں حاصل کیں ، یہ ان کی کیریئر بیسٹ باؤلنگ ہے ، چاریتھ اسلانکا نے 3 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا ، دونوں ٹیموں کے درمیان سیریز کا پہلا میچ ٹائی ہو گیا تھا، سیریز کا تیسرا اور آخری ون ڈے میچ 7 اگست کو کھیلا جائے گا۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=490626