سری لنکا نے نیوزی لینڈ کو پہلے ٹیسٹ میچ میں 63 رنز سے شکست دے کر دو میچوں کی سیریز میں 0-1 کی برتری حاصل کر لی

175
Sri Lanka vs New Zealand
Sri Lanka vs New Zealand

گال۔23ستمبر (اے پی پی):سری لنکا نے نیوزی لینڈ کو پہلے ٹیسٹ میچ میں 63 رنز سے شکست دے کر دو میچوں کی سیریز میں 0-1 کی برتری حاصل کر لی ۔ نیوزی لینڈ کی ٹیم 275 رنز کے ہدف کے تعاقب میں 211 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی ، ریچن روندرا نے 92 رنز کی عمدہ اننگز کھیلی تاہم وہ اپنی ٹیم کو شکست سے نہ بچا سکے ۔ سری لنکا کے پرابتھ جے سوریا نے 5 وکٹیں حاصل کیں ، پیر کو گال انٹرنیشنل سٹیڈیم میں ٹیسٹ کے پانچویں اور آخری روز نیوزی لینڈ نے 275 رنز کے ہدف کے تعاقب میں 207 رنز 8 کھلاڑی آئوٹ پر اننگز دوبارہ شروع کی تو ریچن روندرا 91 اور اعجاز پٹیل صفر پر ناٹ آؤٹ تھے ۔

ریچن روندرا جو نیوزی لینڈ کی آخری امید تھے، گزشتہ روز کے سکور میں صرف ایک رن کا ہی اضافہ کر سکے اور پرابتھ جے سوریا کی گیند پر ایل بی ڈبلیو آؤٹ ہو گئے ، پرابتھ جے سوریا نے اپنے اگلے اوور میں ولیم او رورک کو صفر پر کلین بولڈ کر کے نیوزی لینڈ کی اننگز کا خاتمہ کر دیا ، اس طرح نیوزی لینڈ کی پوری ٹیم 211 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی ، سری لنکا کی جانب سے پرابتھ جے سوریا نے 5 اور رمیش مینڈس نے 3 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا ، پرابتھ جے سوریا کو میچ میں مجموعی طور پر 9 وکٹیں حاصل کرنے پر مرد میدان قرار دیا گیا ۔