پالے کیلی۔16جنوری (اے پی پی):سری لنکا نے پہلے ون ڈے انٹرنیشنل کرکٹ میچ میں زمبابوے کو دلچسپ مقابلے کے بعد 5 وکٹوں سے ہرا کر تین میچوں کی سیریز میں 0-1 کی برتری حاصل کر لی، آئی لینڈرز نے 297 رنز کا ہدف 48.4 اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کر لیا، پاتھم نسانکا، دنیش چندیمل اور چاریتھ اسلانکا نے نصف سنچریاں سکور کیں،
اتوار کو پالی کیلے انٹرنیشنل سٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں زمبابوے نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 50 اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 296 رنز بنائے، شان ولیمز نے 100 رنز کی دلکش اننگز کھیلی، ریگیس چکابوا 72 رنز کے ساتھ دوسرے نمایاں بیٹر رہے، سری لنکا کی جانب سے چمیکا کرونا رتنے نے تین جبکہ جیفری وینڈرسے اور نوان پرادیپ نے دو، دو وکٹیں حاصل کیں،
جواب میں سری لنکا نے مطلوبہ ہدف 48.4 اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کر لیا، اوپنر پاتھم نسانکا نے 75 رنز کی عمدہ اننگز کھیل کر اچھا آغاز فراہم کیا، اس کے بعد دنیش چندیمل نے 75 اور چاریتھ اسلانکا نے 71 رنز بنا کر اپنی ٹیم کو فتح دلا دی، رچرڈ نگروا نے دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔